کلب کے وفد کا اسکیم ون میں قائم صحافی سوسائٹی کا دورہ۔۔

کراچی پریس کلب کے نائب صدر ارشاد کھوکھر، سیکرٹری اسلم خان اور جوائنٹ سیکرٹری فاروق سمیع کی سربراہی میں صحافیوں کے ایک وفد نے ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) اسکیم ون میں قائم صحافی سوسائٹی کا دورہ کیا۔دورے کے موقع پر ڈائریکٹر لینڈ ایم ڈی اے وقاص سومرو، ایکسیئن ایم ڈی اے حسنین صاحب اور شیراز میرانی نے وفد کو جاری ترقیاتی اور آبادکاری کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے ایم ڈی اے حکام کو صحافی برادری اور معزز ممبران کو درپیش مسائل اور آبادکاری سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا۔ایم ڈی اے حکام نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ  صحافی سوسائٹی ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے کی جانب سے بھی اس حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ حکام کے مطابق آئندہ دو ماہ کے دوران واٹر بورڈ کے تعاون سے اسکیم میں پانی کی فراہمی ممکن بنا دی جائے گی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسکیم میں سڑکوں کا جال، سیوریج سسٹم اور اسٹریٹ لائٹس سمیت بنیادی انفراسٹرکچر مکمل  ہے، جبکہ مزید ترقیاتی کام میں بھی تیزی لائی جائے گی۔ ایم ڈی اے حکام نے صحافی برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنے واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جا سکے۔اس موقع پر صحافی سوسائٹی کے ممبران نے بھی ایم ڈی اے حکام کے سامنے اپنے تحفظات، مسائل اور تجاویز پیش کیں۔کراچی پریس کلب کے نائب صدر ارشاد کھوکھر اور سیکرٹری اسلم خان نے کہا کہ صحافی برادری کی آبادکاری کے لیے سنجیدہ اور بھرپور کوششیں جاری ہیں، جبکہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت سے ہونے والے رابطے بھی مثبت اور حوصلہ افزا ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ممبران سے درخواست کی کہ وہ اپنے بقایا واجبات جلد از جلد جمع کرائیں تاکہ ترقیاتی اور آبادکاری کے عمل کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جا سکے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں