122

وکلاکی کوریج کابائیکاٹ اور بلیک آؤٹ کرسکتے ہیں، کے یوجے دستور۔۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر نصراللہ چوہدری، سیکرٹری ریحان خان چشتی اور مجلس عاملہ نے کراچی میں وکلاء کی جانب سے میڈیا گاڑیوں اور صحافیوں پر حملوں کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز پر تشدد آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کے بنیادی حقوق پر حملہ ہے، صحافیوں کو فرائض کی انجام دہی کے دوران مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔جمعہ کو جاری بیان میں کے یو جے دستور کے رہنماؤں نے کہا کہ صحافی اور میڈیا ورکرز اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے فیلڈ میں موجود ہوتے ہیں، انہیں تشدد، دھمکیوں یا کسی بھی قسم کے دباؤ کا نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور وکلاء برادری کا دل سے احترام کرتی ہے اور وکلاء کو معاشرے میں قانون اور انصاف کے محافظ سمجھتی ہے، تاہم چند افراد کی جانب سے میڈیا ورکرز اور میڈیا گاڑیوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔کے یو جے دستور کے صدر نصراللہ چوہدری، سیکرٹری ریحان خان چشتی اور مجلس عاملہ نے سینئر وکلاء اور وکلاء رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعات کا فوری نوٹس لیں، ذمہ دار عناصر کے خلاف تنظیمی سطح پر کارروائی کریں اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر وکلاء کی جانب سے صحافیوں اور میڈیا گاڑیوں پر حملوں کا سلسلہ بند نہ ہوا اور اپنی روش تبدیل نہ کی گئی تو صحافی برادری وکلاء کی کوریج کے بائیکاٹ اور مکمل میڈیا بلیک آؤٹ پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری ان عناصر پر عائد ہوگی جو صحافیوں کو اپنے فرائض کی ادائیگی سے روکنے کے لیے تشدد کا راستہ اختیار کر رہے ہیں۔کے یو جے دستور کے رہنماؤں نے حکومت، پولیس اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں اور میڈیا نمائندگان کو فرائض کی انجام دہی کے دوران مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے اور میڈیا گاڑیوں کو نقصان پہنچانے یا صحافیوں پر تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، صحافی برادری اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور صحافیوں کے تحفظ، میڈیا کی آزادی اور آزادیٔ اظہار کے لیے ہر آئینی و قانونی فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں