کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے کراچی میں وکلاء کی جانب سے میڈیا گاڑیوں اور صحافیوں پر حملوں کے واقعات پر گہری تشویش اور شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔جمعہ کو جاری بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ صحافی اور میڈیا ورکرز اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے عوام تک حقائق پہنچانے کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔ فرائض کی ادائیگی کے دوران صحافیوں کو تشدد، دھمکیوں، ہراساں کرنے یا میڈیا گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا اور صحافیوں پر حملہ آزادی صحافت پر براہِ راست حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وکلاء برادری معاشرے میں قانون اور آئین کی بالادستی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے اور کراچی پریس کلب وکلاء برادری کا ہمیشہ احترام کرتا ہے، تاہم کسی بھی فرد یا گروہ کی جانب سے صحافیوں اور میڈیا اداروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول عمل ہے۔فاضل جمیلی، اسلم خان اور مجلس عاملہ نے سینئر وکلاء اور وکلاء تنظیموں کے رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کا فوری اور سخت نوٹس لیں، ملوث افراد کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف تنظیمی و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا راستہ روکا جا سکے۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ میڈیا گاڑیوں پر حملہ کرکے صحافیوں کو خوفزدہ کرنے کی کوشش انتہائی تشویشناک ہے۔ اگر ایسے واقعات کا فوری سدباب نہ کیا گیا تو اس کے نتیجے میں صحافیوں کے لیے فیلڈ میں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنا مزید مشکل ہوجائے گا۔انہوں نے حکومت سندھ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی مطالبہ کیا کہ صحافیوں اور میڈیا نمائندگان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، میڈیا گاڑیوں پر حملوں اور صحافیوں کو ہراساں کرنے کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور فوری قانونی کارروائی کی جائے۔کراچی پریس کلب کے صدر، سیکریٹری اور مجلس عاملہ نے واضح کیا کہ آزادی صحافت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے کراچی پریس کلب ہر سطح پر اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔
156
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل