104

یاسر عرفات کے پائلٹ سے منگنی ہوئی تھی، فریال گوہر۔۔

ماضی کی معروف اداکارہ فریال گوہر نے اپنی زندگی کی سچی محبت اور اس سے جڑے ایک افسوسناک واقعے کا انکشاف کیا ہے۔فریال گوہر نے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران بتایا کہ میں اپنی زندگی کی محبت سے منگنی کرچکی تھی جو فلسطینی شہری اور فلسطینی رہنما یاسر عرفات کے پائلٹ تھے۔اداکارہ کے مطابق ایک مرتبہ میرے منگیتر جس طیارے کو اڑا رہے تھے، دورانِ پرواز وہ طیارہ ریت کے شدید طوفان میں پھنس گیا، طیارے میں ایندھن بھی اتنا نہیں تھا کہ باحفاظت لینڈنگ کی جا سکے، ایسے میں میرے منگیتر نے یاسر عرفات کو طیارے کے باتھ روم میں لے جا کر وہاں محفوظ کیا اور دروازہ سیل کردیا۔فریال گوہر نے بتایا کہ یاسر عرفات کی جان بچانے کے لیے میرے منگیتر نے طیارے کو انتہائی خطرناک انداز میں نیچے کی جانب موڑا تاہم اس کوشش میں وہ خود جان کی بازی ہار گئے۔اداکارہ کا کہنا تھاکہ یہ المناک واقعہ ہماری شادی سے صرف 2 ہفتے قبل پیش آیا، میرے منگیتر کو اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ راستے میں ہی انتقال کرگئے۔فریال گوہر نے بتایا کہ میرے منگیتر کے پاس ایک لاکٹ تھا جو میں نے انہیں دیا تھا اور اس پر ہماری ہونے والی شادی کی تاریخ کندہ تھی، انتقال سے قبل انہوں نے یہ لاکٹ ایک پاکستانی ڈاکٹر کو دیا اور درخواست کی کہ وہ یہ لاکٹ فریال گوہر تک پہنچا دیں، کئی برس بعد وہ پاکستانی ڈاکٹر مجھ سے ملے اور انہوں نے میرے منگیتر کی آخری نشانی وہی لاکٹ مجھے واپس کر دیا۔فریال گوہر نے اس واقعے کو اپنی زندگی کی ایک ایسی یاد قرار دیا ہے جسے وہ آج تک نہیں بھلا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں