22

نیشنل پریس کلب کا نام اور لوگو استعمال، خصوصی انکوائری کمیٹی کا قیام۔۔۔

نیشنل پریس کلب کی گورننگ باڈی کا اہم اجلاس صدر عبدالرزاق سیال کی زیرِ صدارت منعقد ہوا،  اجلاس میں حالیہ دنوں پریس کلب میں منعقد ہونے والے ایک پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں غیر ملکی صحافیوں کی شرکت کے دوران نیشنل پریس کلب کا نام اور لوگو استعمال کرتے ہوئے متنازع شیلڈز تقسیم کیے جانے کے معاملے پرشدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے دوران اراکین نے اس اقدام پر سخت اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ نیشنل پریس کلب کا نام اور لوگو کسی بھی ایسے پروگرام یا سرگرمی کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے جو ادارے کی باقاعدہ منظوری کے بغیر ہو یا جس سے کلب کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو۔ تمام اراکین کی آراء سننے کے بعد اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ معاملے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور آئینی تقاضوں کے مطابق تحقیقات کی جائیں گی اور ڈنر کے میزبان کونسل ممبر مطیع اللہ جان سے بھی ان کا موقف لیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے پانچ رکنی کمیٹی سینئر نائب صدر احتشام الحق کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔کمیٹی کے دیگر ممبران میں نائب صدور عثمان خان، بشیر چوہدری، سحرش قریشی اور سینئر جوائنٹ سیکرٹری شیراز گردیزی شامل ہیں۔ گورننگ باڈی کی جانب سے کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے اور سات روز کے اندر اپنی سفارشات گورننگ باڈی کو پیش کرے۔ اجلاس میں سیکرٹری ڈاکٹر فرقان رائو، فنانس سیکرٹری عابد عباسی،سینئر نائب صدر احتشام الحق، نائب صدورعثمان خان،بشیر چوہدری،سحرش قریشی، سینئر جوائنٹ سیکرٹری شیراز گردیزی، جوائنٹ سیکرٹریز جاوید بھاگٹ،  سید عون شیرازی، شکیلہ جلیل ،  ممبران گورننگ باڈی عامر رفیق بٹ، شکیل اعوان، مدثر لانگ، عثمان خان، ابرار حسین استوری، عاصم جیلانی، تنویر شہزاد، مشکور علی، رانا عثمان، محمد دائود، عثمان جاوید ملک، فرح ربانی اور عائشہ ناز نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں