لوکل گورنمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات میں دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جہاں دو بڑے پینلز کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ایک جانب “ڈیموکریٹک پینل” ہے، جو گزشتہ کئی روز سے اپنی کامیابی کے دعوے کر رہا تھا اور صدر کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار سامنے لا چکا ہے۔ تاہم دوسری جانب صحافیوں نے “کراچی پینل” کے نام سے ایک متحرک گروپ تشکیل دے دیا ہے، جس نے مقابلے کو مزید سخت بنا دیا ہے۔ایسوسی ایشن کے کل ممبران کی تعداد 41 ہے، جبکہ دونوں پینلز کے پاس تقریباً 20، 20 ممبران کی حمایت موجود ہے۔ اس صورتحال میں مقابلہ انتہائی سنسنی خیز ہوچکا ہے اور فیصلہ کن کردار محض ایک ووٹ ادا کرے گا۔کراچی پینل کی قیادت سینئر صحافی طاہر عزیز بطور سرپرست اعلیٰ کر رہے ہیں، جبکہ شاہد مصطفیٰ صدر کے امیدوار ہیں اور علی مہدی سیکریٹری کے عہدے کے لیے میدان میں ہیں۔دوسری جانب ڈیموکریٹک پینل سے صدر کے لیے سلمان سعادت خان جبکہ سیکریٹری کے لیے علی حفیظ امیدوار ہیں۔ مبصرین کے مطابق یہ مقابلہ نہ صرف صحافتی حلقوں میں اہمیت اختیار کر گیا ہے بلکہ اس کے نتائج آئندہ کی تنظیمی سیاست پر بھی گہرے اثرات مرتب کریں گے۔
