اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سینئر صحافی رضوان غلزئی کی قبل از گرفتاری ضمانت منظور کر لی ہے جبکہ کیس کی آئندہ سماعت 6 مئی کو مقرر کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، مذکورہ کیس میں پہلے ہی سینئر صحافی فخر الرحمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور بعد از گرفتاری ضمانت بھی منظور کرلی گئی۔ ۔ اسی ایف آئی آر میں رضوان غلزئی کا نام بھی شامل تھا، جس کے بعد انہوں نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد رضوان غلزئی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو گرفتاری سے روک دیا اور فریقین کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت جاری کی۔ یاد رہے کہ اس کیس نے صحافتی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، اور متعدد صحافتی تنظیموں کی جانب سے آزادیِ صحافت کے حوالے سے خدشات کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔ مزید پیش رفت آئندہ سماعت پر متوقع ہے۔
