پی ایف یو جے ملک گیر احتجاج اور خاموش ہوتے سوالات! 67

پی ایف یو جے ملک گیر احتجاج اور خاموش ہوتے سوالات!

تحریر: اعظم الفت
کیا کسی جمہوری معاشرے میں سچ بولنے سے پہلے یہ سوچنا پڑے کہ کہیں اس سچ کی قیمت گرفتاری، مقدمے، قید یا روزگار سے محرومی کی صورت میں تو ادا نہیں کرنا پڑے گی؟ کیا صحافی کا کام صرف وہی خبریں نشر کرنا رہ گیا ہے جو طاقتور حلقوں کو پسند ہوں؟ اور کیا سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کی روک تھام کے نام پر ایسی فضا قائم کی جا سکتی ہے جہاں سچ اور جھوٹ کا فیصلہ بھی طاقت کے مراکز خود کرنے لگیں؟ پاکستان میں پیکا ایکٹ کے خلاف صحافتی تنظیموں کی مزاحمت دراصل انہی سوالات کا جواب تلاش کر رہی ہے۔آج جب دنیا مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے ذریعے معلومات کے نئے دور میں داخل ہو چکی ہے، پاکستان میں آزادیٔ اظہار کا معاملہ ایک نئے قانونی اور سیاسی امتحان سے گزر رہا ہے۔ پیکا یعنی پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (Prevention of Electronic Crimes Act) بظاہر سائبر جرائم کی روک تھام، شہریوں کے ڈیجیٹل تحفظ، آن لائن ہراسانی، شناخت کی چوری، غیر قانونی رسائی اور دہشت گردی سے متعلق الیکٹرانک سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔ اس قانون کا بنیادی مقصد اپنی جگہ قابل فہم تھا، کیونکہ انٹرنیٹ پر جرائم کی روک تھام کے لیے قانونی نظام ضروری ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا اس قانون کا استعمال ہمیشہ اسی مقصد تک محدود رہا؟
پیکا ایکٹ کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو یہ قانون 2016ء میں پارلیمنٹ سے منظور ہوا۔ صدر مملکت نے 18 اگست 2016ء کو اس کی توثیق کی اور 22 اگست 2016ء کو سرکاری گزٹ میں شائع کیا گیا۔ اس وقت ملک میں دہشت گردی، انتہا پسندی، آن لائن ہراسانی اور سوشل میڈیا کے غیر قانونی استعمال کے خلاف ایک جامع قانون کی ضرورت کو اس کی منظوری کی بنیادی وجوہات میں شامل کیا گیا تھا۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ صحافیوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور سیاسی کارکنوں کی جانب سے اس قانون کے بعض حصوں کے غلط استعمال پر اعتراضات سامنے آتے رہے، پھر 29 جنوری 2025ء کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025ء کی منظوری دے دی۔ اس ترمیم کے ذریعے قانون میں اہم تبدیلیاں متعارف کرائی گئیں، جن میں سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام، نئی شکایتی کونسل، خصوصی ٹربیونلز اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی جیسے انتظامی و تحقیقاتی ڈھانچے شامل ہیں۔ سب سے زیادہ بحث نئی دفعہ 26-A پر ہوئی، جس کے تحت جان بوجھ کر ایسی جھوٹی یا جعلی معلومات پھیلانا جرم قرار دیا گیا جو عوام میں خوف، گھبراہٹ، انتشار یا بدامنی پیدا کرنے کا امکان رکھتی ہوں۔ اس جرم کی سزا تین سال تک قید، بیس لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں ہو سکتی ہے۔
یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ جھوٹی خبر کی تعریف کون کرے گا؟ خبر کی تصدیق کا معیار کیا ہوگا؟ کسی سرکاری دعوے پر سوال اٹھانا، کسی پالیسی پر تنقید کرنا یا کسی ادارے کی کارکردگی پر تحقیقاتی رپورٹ شائع کرنا اگر حکومتی مؤقف سے مختلف ہو تو کیا اسے بھی غلط معلومات کے زمرے میں شامل کیا جا سکتا ہے؟ قانون کی زبان اگر واضح نہ ہو اور اس کے نفاذ میں شفافیت نہ ہو تو اس کا خوف صرف مجرموں تک محدود نہیں رہتا بلکہ عام شہری، صحافی، محقق اور سیاسی کارکن بھی اس کی زد میں آ سکتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ صحافتی تنظیمیں اس قانون کی مخالفت کرتے ہوئے اسے محض ایک قانونی معاملہ نہیں بلکہ آزادیٔ صحافت اور بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ قرار دے رہی ہیں۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) نے اسی تناظر میں ملک گیر تحریک شروع کی ہے۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس (KUJ) کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے باہر دو روزہ احتجاجی کیمپ اس تحریک کا اہم حصہ بنا، جہاں صحافیوں کے ساتھ سیاسی جماعتوں، وکلا، مزدور تنظیموں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ احتجاج میں پیکا ایکٹ سمیت میڈیا کی آزادی محدود کرنے والے قوانین کی واپسی، صحافیوں کے خلاف مبینہ غیر ضروری کارروائیوں کا احتساب اور آئندہ قانون سازی میں تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کا مطالبہ کیا گیا۔
یہ تحریک صرف پیکا ایکٹ تک محدود نہیں۔ صحافیوں کا کہنا ہے کہ میڈیا پہلے ہی شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔ اخبارات اور ٹی وی چینلز میں چھانٹیاں، اداروں کی بندش، بیوروز کا خاتمہ، تنخواہوں کی تاخیر اور ملازمتوں کا عدم تحفظ صحافت کو کمزور کر رہے ہیں۔ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں میڈیا بیوروز کی بندش اور خبروں کی ترسیل میں رکاوٹوں پر بھی احتجاج میں تشویش ظاہر کی گئی۔ صحافیوں نے ہیلتھ کارڈ، نویں ویج بورڈ ایوارڈ کے اعلان اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے صوبائی و وفاقی کمیشنوں کو مؤثر بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔
یہاں بلوچستان کا معاملہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ ایک ایسا صوبہ جہاں دور دراز علاقوں میں اطلاعات تک رسائی پہلے ہی مشکل ہے، جہاں کئی اضلاع میں صحافی محدود وسائل اور غیر معمولی حالات میں کام کرتے ہیں، وہاں میڈیا بیوروز کی بندش اور اطلاعات کی ترسیل میں رکاوٹیں عوام کو مزید تنہائی میں دھکیل سکتی ہیں۔ بلوچستان کے مسائل کو قومی منظرنامے تک پہنچانے کے لیے آزاد اور فعال صحافت کی ضرورت کسی دوسرے صوبے سے کم نہیں بلکہ شاید زیادہ ہے۔
اسی پس منظر میں بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (BUJ) اور بلوچستان بار کونسل نے پیکا ایکٹ کے خلاف مشترکہ آئینی درخواست بلوچستان ہائی کورٹ میں دائر کی۔ حالیہ سماعت چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس کامران خان ملاخیل اور جسٹس نجم الدین مینگل پر مشتمل بینچ نے کی۔ درخواست کی پیروی کے لیے بلوچستان بار کونسل کے ممبر ایڈووکیٹ راحب بلیدی پیش ہوئے، جبکہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر فرید اللہ خان بھی عدالت میں موجود تھے۔
سماعت کے بعد ایڈووکیٹ راحب بلیدی نے میڈیا کو بتایا کہ پیکا ایکٹ کے خلاف عبد القیوم بنام حکومت پاکستان، آئینی درخواست نمبر 17/2025 وفاقی آئینی عدالت میں زیر سماعت ہے، جس میں چاروں صوبوں سے مختلف درخواست گزار فریق ہیں۔ اسی بنیاد پر بلوچستان ہائی کورٹ نے بی یو جے اور بلوچستان بار کونسل کی مشترکہ درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزاروں کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی آئینی عدالت میں زیر سماعت مقدمے میں فریق بننے کے لیے رجوع کریں۔
اس عدالتی پیش رفت کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ نے پیکا ایکٹ کو آئینی یا غیر آئینی قرار دینے کے معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں دیا، بلکہ پہلے سے زیر سماعت وفاقی آئینی مقدمے میں درخواست گزاروں کو شامل ہونے کا راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یوں بلوچستان کے صحافیوں اور وکلا کی قانونی جدوجہد اب وفاقی آئینی عدالت میں جاری کارروائی کے ساتھ جڑ گئی ہے۔یہاں ایک بنیادی بات حکومت کو بھی سمجھنی چاہیے کہ صحافت ریاست کی مخالف نہیں بلکہ ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کا پل ہے۔ اگر کسی خبر میں غلطی ہو تو اس کی تردید، وضاحت اور قانونی چارہ جوئی کے راستے موجود ہیں۔ اگر کوئی شخص دانستہ طور پر جھوٹی خبر پھیلاتا ہے تو اس کے خلاف شفاف اور منصفانہ کارروائی ہونی چاہیے، لیکن قانون کو اختلافی آوازوں کو خاموش کرنے کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔ تنقید اور جھوٹی خبر میں فرق ہے، تحقیقاتی صحافت اور کردار کشی میں فرق ہے، سوال اٹھانے اور انتشار پھیلانے میں فرق ہے۔ اس فرق کو نظرانداز کرنا کسی بھی جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
پاکستان کا آئین شہریوں کو اظہارِ رائے اور پریس کی آزادی کا حق دیتا ہے، اگرچہ اس حق پر آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت معقول قانونی پابندیاں بھی عائد کی جا سکتی ہیں۔ مگر پابندی کا مقصد عوامی مفاد کا تحفظ ہونا چاہیے، نہ کہ عوام کو باخبر رکھنے والے اداروں کو خوفزدہ کرنا۔ صحافی بھی اس معاشرے کا حصہ ہیں، ان سے غلطی ہو سکتی ہے، لیکن ان کی غلطی کی اصلاح کا طریقہ قانون کے اندر رہ کر ہونا چاہیے، نہ کہ ایسا ماحول پیدا کرکے جہاں ہر سوال ایک خطرہ بن جائے۔
آج پی ایف یو جے کی ملک گیر تحریک دراصل میڈیا کے مستقبل، عوام کے حقِ معلومات اور جمہوری معاشرے میں اختلافِ رائے کی گنجائش کا سوال اٹھا رہی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ صحافتی تنظیموں، بار کونسلز، انسانی حقوق کے اداروں اور ڈیجیٹل ماہرین کو اعتماد میں لے کر قانون کا شفاف جائزہ کرے۔ سائبر جرائم کے خلاف مؤثر قانون ضرور ہونا چاہیے، مگر ایسا قانون نہیں جو جرم روکنے کے نام پر آزاد صحافت کو ہی کٹہرے میں کھڑا کر دے۔
اگر صحافی سوال نہیں کرے گا تو عوام کے سوال کون اٹھائے گا؟ اگر خبر شائع کرنے سے پہلے خوف کا پہرہ بٹھا دیا جائے تو پھر احتساب، شفافیت اور جمہوریت کے دعوے کس بنیاد پر کیے جائیں گے؟ یاد رکھنا چاہیے کہ خبر کو دبانے سے حقیقت ختم نہیں ہوتی، صرف عوام تک اس کی رسائی محدود ہوتی ہے۔ ایک مضبوط ریاست وہ نہیں جو سوال کرنے والوں کو خاموش کر دے، بلکہ وہ ہے جو سخت ترین سوال سننے اور ان کا جواب دینے کا حوصلہ رکھتی ہو۔۔۔۔۔ (اعظم الفت)۔۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں