آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) نےایک منفرد نمائش کا اہتمام کیا، جس میں گزشتہ آٹھ دہائیوں کے دوران پاکستانی اخبارات میں شائع ہونے والے اشتہارات پیش کئے گئے،نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی ثقافتی اور علمی ورثے کی ایک بھرپور تاریخ رکھتا ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو ملک میں اخباری اشتہارات کی تاریخ سے روشناس کرانے کے لئے اے پی این ایس کی جانب سے اس نمائش کے انعقاد کو سراہا، اے پی این ایس کے صدر سینیٹر سرمد علی نے اس موقع پر کہا کہ پرنٹ میڈیا کے خاتمے سے متعلق دعوے درست نہیں، بلکہ اے پی این ایس اخباری اشتہارات کو مزید ترقی پسند اور جدید انداز میں متعارف کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ نمائش میں شریک افراد نے ماضی کے اخباری اشتہارات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اشتہارات کے پرانے تخلیقی نمونوں کو نمائش کے لئے پیش کرنے پر اے پی این ایس کی کوششوں کو سراہا۔یہ نمائش دیکھنے والوں کو ملک کی سماجی، ثقافتی اور تجارتی تاریخ کے ایک دلچسپ سفر سے روشناس کراتی ہے۔تاریخی فریئر ہال میں منعقدہ اس نمائش میں پاکستان کے ابتدائی برسوں سے تعلق رکھنے والے اشتہارات کے کئی نادر مجموعے رکھے گئے، جن کے ذریعے بدلتے ہوئے طرزِ زندگی، صارفین کی ترجیحات اور کاروباری رجحانات کے ساتھ اشتہارات کے ارتقائی سفر کو اجاگر کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ نمائش نوجوان نسل کو یہ سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہے کہ ماضی میں اخبارات کے ذریعے تخلیقی خیالات اور منفرد انداز میں مصنوعات کی تشہیر کس طرح کی جاتی تھی۔میئر کراچی نے تاریخی ریکارڈ اور دستاویزات کو محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے پھیلاؤ کے باوجود معاشرے میں اخبارات آج بھی نمایاں اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اخباری اشتہارات کے شاندار ماضی سے تحریک حاصل کرنی چاہئے اور مستقبل کو بھی اسی طرح تابناک بنانا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) نے شہر کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کے لئے کے ایم سی بلڈنگ، ڈینسو ہال، ایمپریس مارکیٹ اور حسن علی ہوتی مارکیٹ سمیت کئی تاریخی عمارتوں اور عوامی مقامات کی تزئین و بحالی کا کام کیا ہے۔ میئر کراچی نے اے پی این ایس کو یقین دلایا کہ کے ایم سی کی ملکیت میں موجود عوامی مقامات، جن میں فریئر ہال، خالق دینا ہال اور ایمپریس مارکیٹ شامل ہیں، پر ایسی نمائشوں، آرٹ اور ثقافتی تقریبات کے انعقاد کے لئے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اے پی این ایس کالجوں اور جامعات کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے اشتہارات کا مقابلہ منعقد کرنے کا اعلان کرے تو کے ایم سی اس کی سرپرستی کرے گی، تاکہ نوجوان نسل کو اپنے تخلیقی اور اختراعی خیالات کے اظہار کا موقع مل سکے۔ اے پی این ایس کے صدر سینیٹر سرمد علی نے کہا کہ یہ نمائش 1947 سے اب تک اخباری اشتہارات کے سفر کی عکاسی کرتی ہے۔ ضروری ہے کہ اشتہارات میں تخلیقی صلاحیتوں اور مؤثر کاپی رائٹنگ کی روایت نئی نسل تک منتقل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش پاکستان کے اخبارات میں اشتہارات کے شاندار ماضی اور حال کی کہانی بیان کرتی ہے۔ سرمد علی نے کہا کہ پاکستان میں اشتہارات کی ابتدا ایک آزاد خیال اور ترقی پسندانہ سوچ کے ساتھ ہوئی تھی، تاہم بدقسمتی سے 1977 کے بعد یہ سلسلہ برقرار نہ رہ سکا۔انہوں نے اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے مصنوعات کی تشہیر کے تخلیقی انداز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر انحصار کرنے کے بجائے نئے اور اختراعی خیالات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ سرمد علی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ مصنوعی ذہانت پر بڑھتے ہوئے انحصار نے موجودہ اشتہارات میں تخلیقی صلاحیتوں کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشتہارات کے شعبے میں اے آئی پر انحصار کرنے کے بجائے تخلیقی اور جدت پر مبنی خیالات کو فروغ دینا چاہئے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت تخلیقی صلاحیتوں اور جدت کا متبادل نہیں بن سکتی۔ انہوں نے شہر کے تخلیقی ماحول کی بحالی کے لئے میڈیا، اشتہاری اداروں اور تعلیمی اداروں کے درمیان مشترکہ تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سرمد علی نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ اگر وہ اشتہارات کی صنعت میں اپنا مستقبل محفوظ بنانا چاہتے ہیں تو انہیں مصنوعی ذہانت پر انحصار کرنے کے بجائے کتابوں کا مطالعہ کرنا اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو وسعت دینا ہوگی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اے پی این ایس دسمبر 2026 میں موسم سرما کی تعطیلات کے دوران فریئر ہال میں طلبہ کے لئے ایک ہفتے پر مشتمل پرنٹ میڈیا نمائش کا اہتمام کرے گی، جس کا مقصد طلبہ کو پرنٹ اشتہارات کی تاریخ اور ان کے تخلیقی ارتقا سے روشناس کرانا ہے۔
45
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل