جی این این لاہور اور اسلام آباد میں مزید برطرفیاں، تنخواہوں میں کٹ 59

جی این این لاہور اور اسلام آباد میں مزید برطرفیاں، تنخواہوں میں کٹ

نجی ٹیلی ویژن چینل جی این این (GNN) میں بڑے پیمانے پر ملازمین کی برطرفیوں کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہا۔ لاہور ہیڈ آفس اور اسلام آباد بیورو میں ڈاؤن سائزنگ کے نتیجے میں مزید صحافیوں، کیمرہ مینوں، ٹیکنیکل اسٹاف، ڈرائیوروں اور دیگر ملازمین کو فارغ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس سے میڈیا کارکنوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
پپو نے انکشاف کیا ہے کہ پیر کولاہور سے مزید سات ٹیکنیشین اور لاہور بیورو سے ایک رپورٹر کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا، جبکہ اسلام آباد بیورو میں بھی بڑے پیمانے پر افرادی قوت میں کمی کی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد بیورو میں ڈپٹی بیورو چیف سمیت چار رپورٹرز، پانچ کیمرہ مین اور چار ڈرائیورز کو فارغ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اس کے علاوہ اسائنمنٹ ڈیسک اور نان لائنر ایڈیٹنگ (این ایل ای) کے شعبوں میں بھی ملازمین کی برطرفیوں کی اطلاع ہے۔اسلام آباد بیورو سےٹیکنیکل اسٹاف کے سات ملازمین میں سے پانچ، 12 ڈرائیوروں میں سے آٹھ اور 12 کیمرہ مینوں میں سے آٹھ کو فارغ کیا گیا ہے، جبکہ آٹھ رپورٹرز میں سے چار ملازمتوں سے محروم ہوئے ہیں۔برطرف کیے جانے والے رپورٹرز میں ڈپٹی بیورو چیف اور کرائم رپورٹر بھی شامل ہیں۔ اسی طرح تین رکنی ڈیسک اسٹاف میں سے ایک خاتون ملازمہ کو بھی فارغ کیے جانے کی اطلاع ہے۔ چینل کی انتظامیہ نے مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر افرادی قوت کم کرنے کا عمل شروع کر رکھا ہے۔دوسری جانب لاہور ہیڈ آفس میں بھی بڑے پیمانے پر ڈاؤن سائزنگ کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملازمین کی چھانٹی کے ساتھ ساتھ چینل کا معروف مزاحیہ پروگرام ’دیس بک‘ بھی بند کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے، تاہم پروگرام کی بندش سے متعلق انتظامیہ کا باضابطہ اعلان دستیاب نہیں۔میڈیا حلقوں میں گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق ڈاؤن سائزنگ کا اثر صرف ملازمین کی برطرفیوں تک محدود نہیں بلکہ بعض سینئر عہدیداروں اور پروگرام اینکرز کی تنخواہوں میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے۔صحافتی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایک خاتون پروگرام اینکر کی ماہانہ تنخواہ 25 لاکھ روپے سے کم کرکے پانچ لاکھ روپے کردی گئی ہے، جبکہ ایک بیورو چیف کی تنخواہ میں بھی مبینہ کٹوتی کی اطلاع ہے۔
ادھر نیشنل پریس کلب اسلام آباد نے جی این این میں 20 سے زائد ملازمین کی برطرفیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ اور فنانس سیکرٹری عابد عباسی نے اپنے مشترکہ بیان میں ملازمین کی برطرفیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو ناقابل قبول قرار دیا۔پریس کلب کی قیادت کے مطابق ملازمتوں سے فارغ کیے جانے والے کارکنوں میں رپورٹرز، کیمرہ مین، اسائنمنٹ ایڈیٹرز، الیکٹریشنز، ڈرائیورز اور ڈی ایس این جی اسٹاف سمیت مختلف شعبوں کے ملازمین شامل ہیں۔نیشنل پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک میں صحافی اور میڈیا ورکرز پہلے ہی شدید معاشی مشکلات، ملازمتوں کے عدم تحفظ، تنخواہوں میں تاخیر اور دیگر مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں بڑی تعداد میں ملازمین کو روزگار سے محروم کرنا متاثرہ خاندانوں کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا۔انہوں نے وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات سے مطالبہ کیا کہ جی این این میں ہونے والی برطرفیوں کا فوری نوٹس لیا جائے، متاثرہ ملازمین کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور ان کی بقایا تنخواہوں سمیت تمام قانونی اور مالی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔نیشنل پریس کلب کی قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا اداروں میں ملازمین کی برطرفیوں کے دوران متعلقہ لیبر قوانین، ملازمت کے معاہدوں اور قانونی تقاضوں کی پاسداری ضروری ہے تاکہ صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو ان کے جائز حقوق سے محروم نہ کیا جاسکے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات بھی 10 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں میڈیا اداروں کی جانب سے ملازمین کی برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کرچکی ہے۔قائمہ کمیٹی نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ہدایت کی تھی کہ میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے 15 روز کے اندر جامع حکمت عملی پیش کی جائے۔
کمیٹی نے ملازمین کو پیشگی اطلاع دیے بغیر فارغ کرنے اور ملازمت کے معاہدوں کے مطابق واجبات ادا نہ کرنے کے معاملات کو بھی سنگین قرار دیا تھا۔جی این این میں جاری برطرفیوں کے بعد میڈیا کارکنوں کے روزگار کے تحفظ اور ملازمتوں سے فارغ کیے جانے والے ملازمین کے قانونی حقوق کا معاملہ ایک مرتبہ پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔صحافتی حلقوں میں یہ سوال بھی اٹھایا جارہا ہے کہ میڈیا اداروں میں ڈاؤن سائزنگ کے دوران ملازمین کے واجبات، نوٹس پیریڈ اور دیگر قانونی حقوق کے تحفظ کو کس طرح یقینی بنایا جائے گا۔دوسری جانب جی این این انتظامیہ کا حالیہ برطرفیوں، تنخواہوں میں مبینہ کٹوتیوں اور پروگرام ’دیس بک‘ کی بندش سے متعلق باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آسکا۔ انتظامیہ کی جانب سے وضاحت سامنے آنے کے بعد برطرفیوں کی حتمی تعداد اور ڈاؤن سائزنگ کی وجوہات مزید واضح ہوسکیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں