سینئر تحقیقاتی صحافی زاہد گشکوری نے مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنے خلاف مبینہ طور پر گمراہ کن اور بے بنیاد ریمارکس پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ پوسٹ واپس لینے اور عوامی سطح پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔حنا پرویز بٹ کے نام اپنے تحریری پیغام میں زاہد گشکوری نے کہا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کے بارے میں کیے گئے تبصرے ان کے نزدیک حقائق کے منافی ہیں، جن سے ان کی پیشہ ورانہ ساکھ، اعتبار اور شہرت کو نقصان پہنچا ہے۔زاہد گشکوری نے واضح کیا کہ وہ اپنی صحافتی رپورٹنگ پر مکمل طور پر قائم ہیں اور اپنی خبر میں بیان کردہ ہر تفصیل کے حق میں شواہد رکھتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ متنازع خبر ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے تین ارکان پارلیمنٹ، جن میں ایک رکن قومی اسمبلی اور دو ارکان صوبائی اسمبلی شامل تھے، سے متعلق تھی۔ ان کے مطابق مذکورہ عوامی نمائندوں کو متوقع استقبال کے بجائے ایک عمارت کے تہہ خانے میں انتظار کروایا گیا تھا۔زاہد گشکوری کا دعویٰ ہے کہ اس واقعے کی تصدیق انہیں حنا پرویز بٹ کے دو ساتھیوں اور ان تین سرکاری اہلکاروں سے بھی ہوئی جنہوں نے مذکورہ ارکان پارلیمنٹ کو وصول کیا تھا۔ ان کے بقول متعلقہ ارکان پارلیمنٹ نے بھی واقعے کی تصدیق کی تھی۔سینئر صحافی نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں حنا پرویز بٹ سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ معاملہ باہمی احترام اور افہام و تفہیم کے ذریعے خوش اسلوبی سے حل ہو۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حنا پرویز بٹ اپنے متعلقہ ٹویٹ کو واپس لیں اور اسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر معذرت جاری کریں جہاں ان کے بارے میں ریمارکس دیے گئے تھے۔زاہد گشکوری نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبے پر عمل نہ کیا گیا تو وہ اپنی پیشہ ورانہ ساکھ، اعتبار اور شہرت کے تحفظ کے لیے مناسب قانونی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حنا پرویز بٹ اس معاملے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے ذمہ دارانہ طرزعمل اختیار کریں گی۔واضح رہے کہ زاہد گشکوری کی جانب سے عائد کردہ الزامات اور ان کے بیان کردہ واقعے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی، جبکہ اس معاملے پر حنا پرویز بٹ کا مؤقف بھی سامنے نہیں آیا۔
67
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل