کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن نے جی این این کراچی بیورو کے بیس سے زائد ملازمین کی جبری برطرفی پر شدید تشویش، غم و غصے اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے اسے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے معاشی استحصال کی ایک اور افسوسناک مثال قرار دیا ہے۔برطرف کیے جانے والے ملازمین میں رپورٹرز، کیمرا مین، اسائنمنٹ ایڈیٹرز، الیکٹریشنز، ڈرائیورز، ایم سی آر اور ڈی ایس این جی اسٹاف شامل ہیں۔ متاثرہ ملازمین 25 نومبر تک اپنا نوٹس پیریڈ مکمل کر رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق اس بڑے پیمانے پر برطرفیوں کے بعد جی این این کراچی بیورو میں صرف 3 رپورٹرز، 2 کیمرا مین، ایک اسائنمنٹ ایڈیٹر، بیورو چیف، 2 ڈرائیورز اور اکاؤنٹس کا ایک ملازم باقی رہ گیا ہے۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلے ہی صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو تنخواہوں میں تاخیر، واجبات کی عدم ادائیگی، ملازمتوں کے عدم تحفظ اور بڑھتی ہوئی مہنگائی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں ایک ہی ادارے سے 20 سے زائد ملازمین کو فارغ کرنا نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے معاشی مستقبل کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے بلکہ صحافتی شعبے میں پہلے سے موجود بے یقینی اور عدم تحفظ میں مزید اضافہ کرے گا۔ایسوسی ایشن نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک منظم طرزِ عمل کے تحت میڈیا انڈسٹری کو معاشی بدحالی اور زبوں حالی کی جانب دھکیلا جا رہا ہے۔ ایک طرف میڈیا مالکان اور کاروباری اداروں کے تجارتی مفادات اور کاروباری سرگرمیاں جاری ہیں، دوسری جانب اپنے اداروں کو چلانے والے صحافیوں، کیمرا مینوں اور دیگر کارکنوں کو روزگار سے محروم کیا جا رہا ہے۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن نے حکومتِ پاکستان، وزارتِ اطلاعات و نشریات، پیمرا اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جی این این کراچی بیورو سمیت میڈیا اداروں میں جاری جبری برطرفیوں کا فوری نوٹس لیا جائے، ملازمین کے روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور میڈیا مالکان کو کارکنوں کے معاشی و قانونی حقوق کی پاسداری کا پابند بنایا جائے۔ایسوسی ایشن نے جی این این انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ برطرفیوں کے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے ملازمین کو بحال کیا جائے اور اگر کسی ادارے کو انتظامی یا مالی مسائل درپیش ہیں تو ان کا حل کارکنوں کو بے روزگار کرنے کے بجائے باہمی مشاورت سے نکالا جائے۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن واضح کرتی ہے کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کا معاشی قتل کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ صحافیوں کے روزگار، عزت اور معاشی تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔
192
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل