اے آروائی نیوزکے رپورٹر کی سوشل میڈیا پرہراسمنٹ۔۔۔ 173

اے آروائی نیوزکے رپورٹر کی سوشل میڈیا پرہراسمنٹ۔۔۔

کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن اپنے ممبر اور اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر کرائم رپورٹر افضل خان کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز پوسٹس کی اشاعت، ذاتی معلومات شیئر کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کے عمل کی شدید مذمت کرتی ہے۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ صحافی کا بنیادی پیشہ ورانہ فریضہ کسی بھی خبر کے حوالے سے متعلقہ شخص یا ادارے کا مؤقف جاننا اور خبر کے تمام پہلوؤں کو سامنے لانا ہے۔ تاہم، مؤقف معلوم کرنے کے لیے رابطہ کرنے پر کسی صحافی کی ذاتی زندگی کو نشانہ بنانا، اس کی نجی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنا اور توہین آمیز مہم چلانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ایسوسی ایشن کے مطابق کسی خبر پر مؤقف طلب کرنے کے جواب میں صحافی کو ہراساں کرنا اور اس کی ذاتیات پر حملے کرنا متعلقہ شخص کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی عکاسی کرتا ہے۔ اختلافِ رائے یا خبر پر اعتراض کا جواب ذاتی حملوں اور کردار کشی کی صورت میں نہیں دیا جا سکتا۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن نے اس واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) اور اعلیٰ پولیس حکام سے رابطہ کر لیا ہے۔ ایسوسی ایشن واضح کرتی ہے کہ واقعے میں ملوث شخص کے خلاف قانونی کارروائی اور اسے قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن اپنے ممبر افضل خان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ ان کے تحفظ، عزتِ نفس اور انصاف کے حصول کے لیے ہر ممکن قانونی اور تنظیمی اقدامات کیے جائیں گے۔صحافیوں کو خبر دینے اور مؤقف لینے سے روکنے کے لیے ہراساں کرنے کا کوئی بھی حربہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں