تحریر: نادربلوچ
🚨 پارلیمنٹ ہاؤس میں سوال پوچھنے کی سزا؟ صحافی کو دو گھنٹے حراست میں رکھنے اور مبینہ تشدد کا معاملہ!
اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی سردار غلام اویس اسلام آباد میں پارلیمانی رپورٹنگ کرتے ہیں۔ گزشتہ روز وہ اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے آزاد کشمیر کے علاقے تتہ پانی گئے، جہاں پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔سردار غلام اویس کے مطابق، دورانِ حراست ان سے پارلیمنٹ ہاؤس میں چیف سیکرٹری سے کیے گئے سوال سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی۔ تقریباً دو گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔صحافی کا الزام ہے کہ انہیں ان کی پیشہ ورانہ صحافتی سرگرمیوں کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا اور اس دوران مبینہ طور پر زد و کوب بھی کیا گیا۔
اگر یہ الزامات درست ہیں تو یہ نہ صرف انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت عمل ہے بلکہ آزادیٔ صحافت اور شہریوں کے بنیادی آئینی حقوق کے حوالے سے بھی سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے۔
چند اہم سوالات جن کے جواب سامنے آنا ضروری ہیں:
🔴 کیا کسی صحافی کا چیف سیکرٹری سے سوال پوچھنا جرم بن چکا ہے؟
🔴 سردار غلام اویس کو کس قانونی بنیاد پر حراست میں لیا گیا؟ کیا ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج تھا؟
🔴 اگر کوئی مقدمہ درج نہیں تھا تو انہیں دو گھنٹے تک کس اختیار کے تحت حراست میں رکھا گیا؟
🔴 کیا پولیس کو کسی اعلیٰ افسر کی جانب سے صحافی کو حراست میں لینے کی ہدایت دی گئی تھی؟
🔴 اگر حراست کے دوران تشدد ہوا تو اس کا ذمہ دار کون ہے اور کیا اس کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ہوں گی؟
🔴 کیا آزاد کشمیر کی حکومت اور آئی جی پولیس اس معاملے کا نوٹس لیں گے؟
صحافی کا کام سوال پوچھنا ہے، اور سرکاری عہدیداروں کی ذمہ داری ان سوالات کا جواب دینا ہے، نہ کہ سوال کرنے والوں کو خوفزدہ کرنا۔
اس واقعے کی فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔ اگر الزامات ثابت ہوتے ہیں تو ذمہ دار اہلکاروں اور احکامات دینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
آزادیٔ صحافت کوئی رعایت نہیں، آئینی حق ہے!(نادربلوچ)۔۔۔
22