تحریر: فیصل شکیل
کراچی کا آسمان دیکھیں تو آپ کو عمارتیں نظر آئیں گی، لیکن اگر اس آسمان کے پیچھے جھانکیں تو آپ کو صرف نوٹوں کی گڈیاں اڑتی نظر آئیں گی۔ اس شہر میں اب کنسٹرکشن دو طرح کی ہو رہی ہے۔ ایک وہ جو سیمنٹ اور سریے سے بنتی ہے، اور دوسری وہ جو بلیک میلنگ اور بھتہ خوری سے بنتی ہے۔ اور سچ یہ ہے کہ دوسری والی پہلی سے زیادہ مضبوط اور زیادہ منافع بخش ہے۔
ادارہ جس کا نام سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) ہے، اس کا کام شہر کو غیر قانونی تعمیرات کے کینسر سے بچانا تھا۔ آج وہی ادارہ اس کینسر کو خون سپلائی کرنے والا دل بن چکا ہے۔
ذرا نقشہ نکال کر دیکھیں۔ ناظم آباد میں 120 گز پر 5 منزلہ پورشن، نارتھ ناظم آباد اور نارتھ کراچی میں گھر کے اوپر گھر، گلشن اقبال اور گلستانِ جوہر میں بنگلے کے نقشے پر فلیٹوں کا جنگل، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، عزیز آباد میں گلیوں کا گلا گھونٹتے پلازے، صدر، لائنز ایریا، لیاری، کھارادر میں رہائشی عمارتوں میں گودام، اور کلفٹن و ڈیفنس کے گوٹھوں میں بغیر نقشے کے شاپنگ مالز۔ کورنگی، ملیر، سرجانی، اورنگی، منگھوپیر میں تو SBCA کا نقشہ ہی کوئی نہیں مانتا۔ یہ سب SBCA کے ڈیمولیشن ڈپارٹمنٹ کے سائرن کی خاموشی سے ہو رہا ہے۔ وہ سائرن صرف اس وقت بجتا ہے جب ماہانہ "خراج" وقت پر نہ پہنچے۔
اور اسی سڑی ہوئی دلدل سے ایک نئی، زہریلی مخلوق نے جنم لیا ہے۔ جعلی صحافی، اصلی بھتہ خور۔ ان کا نیٹ ورک کیسے چلتا ہے؟ یہ اب پرانے زمانے کے پرچی والے بھتہ خور نہیں، یہ ڈیجیٹل مافیا ہے۔
انہوں نے باقاعدہ تنخواہ پر لڑکے رکھے ہوئے ہیں۔ 15 سے 20 ہزار ماہانہ۔ کام صرف ایک۔ موٹر سائیکل پر پورا دن علاقے میں گھومنا۔ جہاں مستری نے ہتھوڑا مارا، جہاں بجری گری، وہیں سے تصویر، لوکیشن، بلڈر کا نام اور فوراً ہیڈ کوارٹر واٹس ایپ۔
اب تو انہیں سائٹ پر جانے کی بھی ضرورت نہیں۔ (AI) سے پرانی عمارت کی تصویر کو نیا بنا کر، اس پر بڑا سا سرخ نشان، ساتھ میں SBCA کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر، بلڈنگ انسپکٹر کی فیس بک سے نکالی گئی تصویر لگا کر کیپشن: "ارے دیکھو، فلاں افسر کی ملی بھگت سے غیر قانونی تعمیر جاری"۔ پھر درجنوں واٹس ایپ گروپس جن کے نام ہیں "SBCA کرپشن بے نقاب"، "کراچی بلڈر مافیا ایکسپوز"، "سندھ اینٹی کرپشن الرٹ"۔ بس ایک کلک اور پورے شہر میں وائرل۔
یہ سب سے خطرناک ہتھکنڈہ ہے۔
1. پہلے ایک جعلی NGO کے لیٹر پیڈ پر نیب، اینٹی کرپشن، ڈی جی SBCA، اور محتسب اعلیٰ کو درخواست۔ ساتھ وہی AI والی تصویر۔
2. بلڈر اور افسر دونوں کے ہاتھ پاؤں پھول جاتے ہیں۔ وہ رابطہ کرتے ہیں۔
3. اگر بات نہ بنے تو ان کے اپنے پالتو وکلاء کے ذریعے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی پٹیشن دائر۔ عدالت سے اسٹے۔ تعمیر رک گئی۔ اب بلڈر کی مجبوری، اور ان کی چاندی۔
4. جیسے ہی "میڈیا پیکج" جس کی قیمت 3 لاکھ سے 25 لاکھ تک ہوتی ہے، مل جاتا ہے، اگلے ہی دن وہی NGO اپنی درخواست واپس لے لیتی ہے۔ عدالت میں بیان: "ہمیں غلط فہمی ہوئی تھی"۔
ان سب نے اپنے "روزنامہ"، "ہفت روزہ" اخبار اور "ماہنامہ میگزین" رجسٹرڈ کرا رکھے ہیں۔ سرکولیشن زیرو، لیکن فرنٹ پیج پر بلڈر کی بلڈنگ کی خبر۔ اسی کو لے کر فیس بک پر ایک ویب ٹی وی لائیو۔ "بڑی خبر، SBCA کی سرپرستی میں غیر قانونی تعمیر"۔ پھر وہی لائیو ہر گروپ میں فارورڈ۔ بلڈر کو ڈرایا جاتا ہے کہ تمہاری ساکھ خراب ہو جائے گی۔
اب تو کئی SBCA افسران خود کسی نئی غیر قانونی تعمیر کو "لانچ" کرنے سے پہلے ان بلیک میلرز کو فون کر کے "میڈیا مینجمنٹ" کا پیکج دیتے ہیں۔ یعنی چور خود چوکیدار کو حصہ دے رہا ہے کہ تم شور نہ مچانا۔
تحقیق کریں تو ہوش اڑ جائیں۔ ان میں سے 90 فیصد کے پاس میٹرک کی سند تک نہیں۔ نہ وہ کراچی پریس کلب کے ممبر ہیں، نہ کراچی یونین آف جرنلسٹس (KUJ) انہیں جانتا ہے، نہ ان کا کوئی پریس کارڈ ایپکس باڈی سے تصدیق شدہ ہے۔ یہ اپنے گھر کے پرنٹر پر "چیف ایڈیٹر، بیورو چیف، کرائم رپورٹر" کے کارڈ چھاپ کر گلے میں لٹکا لیتے ہیں۔ ان کی وجہ سے وہ گنے چنے، دھوپ میں سڑنے والے سچے رپورٹرز جو آٹے میں نمک کے برابر رہ گئے ہیں، ان کا بھی جنازہ نکل رہا ہے۔ پوری صحافت بدنام ہو رہی ہے۔
یہ لوگ پہلے بھی پکڑے جا چکے ہیں۔ FIA سائبر کرائم اور اینٹی کرپشن نے گلشن، صدر اور ملیر میں کارروائی کر کے ایسے کئی "پریس کارڈ" والے بھتہ خوروں کو گرفتار کیا تھا۔ ان کے موبائل سے سینکڑوں بلڈنگز کی تصاویر، جعلی اسٹیمپ پیپر، اور بھتہ وصولی کی پرچیاں برآمد ہوئیں۔ لیکن نظام ایسا ہے کہ ضمانت پر آ کر اگلے ہی دن انہوں نے نیا چینل بنا لیا۔
کیونکہ یہ دھندہ اب "ایزی منی" بن چکا ہے۔
نہ اینٹ اٹھانی، نہ نقشہ پاس کرانا، نہ مزدور کی دیہاڑی دینی۔ بس ایک موبائل، ایک جعلی کارڈ، اور ایک واٹس ایپ گروپ۔ اور لاکھوں روپے آپ کی جیب میں۔
جب تک SBCA اپنے اندر کے دلالوں کو نہیں نکالے گی، اور جب تک کراچی پریس کلب اور KUJ ان جعلی صحافیوں کے خلاف اعلانیہ جنگ نہیں کریں گے، اس شہر میں چھتیں نہیں، صرف بھتے کے مینار بنتے رہیں گے۔ (فیصل شکیل)۔۔۔
11