سکھر میں چار پریس کلبوں کا قیام کیوں؟ 76

سکھر میں چار پریس کلبوں کا قیام کیوں؟

تحریر: آدم شمبانی
سکھر شہر جو کبھی صحافت، جمہوریت، حق و سچ کی آواز اور صحافیوں کے اتحاد کی پہچان سمجھا جاتا تھا، آج وہاں چار صحافتی پلیٹ فارمز کا وجود ایک بڑا سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ آخر وہ کون سے حالات ہیں جنہوں نے صحافیوں کو ایک چھت تلے جمع رکھنے کے بجائے الگ الگ راستے اختیار کرنے پر مجبور کیا؟
سکھر کی صحافتی تاریخ پر نظر ڈالیں تو سب سے پہلے سکھر پریس کلب قائم ہوا۔ بعدازاں سکھر پریس کلب سے اختلافات کے نتیجے میں الگ ہونے والے ایک دھڑے نے نیشنل پریس کلب قائم کیا۔ پھر نیشنل پریس کلب سے علیحدگی اختیار کرنے والے ایک اور دھڑے نے اپنا الگ پلیٹ فارم بنایا، اور اب ورکنگ جرنلسٹس کے مسائل، مبینہ ناانصافیوں اور قیادت کے رویوں کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے سکھر میڈیا سنٹر کے قیام کی بنیاد رکھی گئی ہے۔
یہاں سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ آخر ہر چند سال بعد صحافیوں کو نیا پلیٹ فارم بنانے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟ کیا صحافیوں کو اداروں سے نکالا جاتا ہے، ان کی عزت نفس مجروح ہوتی ہے، یا پھر اختلاف رائے برداشت نہ کرنے کی روایت نے صحافتی برادری کو تقسیم کر دیا ہے؟
پریس کلب یا کسی وڈیرے کی اوطاق؟
آج سکھر کے بعض صحافتی حلقوں میں یہ سوال شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا پریس کلب واقعی صحافیوں کے اجتماعی ادارے ہیں یا کسی بااثر وڈیرے کی اوطاق بن چکے ہیں؟جس طرح بعض وڈیرے اپنی اوطاق میں بیٹھ کر اپنے ملازمین اور ماتحت افراد کے ساتھ اپنی مرضی کا سلوک کرتے ہیں، کیا اسی طرز کا ماحول بعض پریس کلبوں میں بھی پروان چڑھ رہا ہے؟پریس کلب کے بعض عہدیداروں کے رویوں سے متعلق شکایات سامنے آتی رہی ہیں کہ وہ خود کو ادارے کا مالک اور عام ممبران کو اپنا ماتحت تصور کرتے ہیں۔ اختلاف رائے کرنے والے صحافیوں کو برداشت کرنے کے بجائے ان کے خلاف کارروائیوں کی شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔کیا کسی پریس کلب کا صدر زمینی خدا بن سکتا ہے؟ کیا کسی عہدیدار کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنی ذاتی پسند اور ناپسند کی بنیاد پر کسی صحافی کا مستقبل طے کرے؟صحافتی حلقوں میں ماضی سے یہ شکایات بھی موجود ہیں کہ بعض ممبران اور عہدیداروں کو ذاتی اختلافات کی بنیاد پر نکالنے، ان کی رکنیت ختم کرنے اور انہیں ادارے سے الگ کرنے کے فیصلے کیے گئے۔ بعض صحافیوں کا مؤقف رہا ہے کہ انہیں ایسے انداز میں نکالا گیا جیسے وہ کبھی اس ادارے کا حصہ ہی نہیں تھے۔
اگر کسی ممبر کے خلاف کوئی شکایت ہے تو اس کے لیے آئین، ضابطہ اخلاق اور باقاعدہ انضباطی کارروائی کا طریقہ موجود ہونا چاہیے۔ لیکن ذاتی پسند ناپسند، گروپ بندی اور انتقامی کارروائیوں کے ذریعے صحافیوں کو دیوار سے لگانا جمہوری اقدار کے منافی ہے۔افسوس کہ صحافیوں کے ساتھ ایسا رویہ ماضی میں بھی دیکھنے اور سننے میں آیا اور آج بھی اس نوعیت کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
چھوٹے صحافیوں کی تذلیل کب ختم ہوگی؟
صحافت صرف بڑے ناموں، بڑے عہدوں اور بااثر شخصیات کا نام نہیں۔ گلی محلوں میں عوامی مسائل اجاگر کرنے والا رپورٹر بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا کسی بڑے میڈیا ادارے کا سینئر صحافی۔
لیکن اگر کسی پریس کلب میں چھوٹے صحافیوں کو کمتر سمجھا جائے، ان کی بات نہ سنی جائے، ان کی عزت نفس کو مجروح کیا جائے اور انہیں صرف ضرورت کے وقت یاد کیا جائے تو ایسے ماحول میں اتحاد کیسے قائم رہ سکتا ہے؟پریس کلب کسی صدر، جنرل سیکریٹری یا چند مخصوص عہدیداروں کی ذاتی جاگیر نہیں ہوتے۔ یہ تمام ممبران کی اجتماعی امانت ہوتے ہیں۔
موٹر سائیکل سے مہنگی گاڑیوں تک، آخر یہ خوشحالی کیسے آئی؟
سکھر کی صحافتی قیادت کے حوالے سے ایک اور اہم سوال بھی سامنے آ رہا ہے۔ صحافتی حلقوں میں یہ بات زیرِ بحث ہے کہ ماضی میں بعض پریس کلبوں کے سربراہان معمولی موٹر سائیکلوں پر سفر کیا کرتے تھے، لیکن آج ان میں سے بعض کے طرزِ زندگی میں نمایاں تبدیلی دکھائی دیتی ہے۔
مہنگی گاڑیاں، بڑے بڑے بنگلے، قیمتی لباس، روزانہ نئے سوٹ اور مہنگی واسکٹیں دیکھ کر عام ورکنگ جرنلسٹ یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ آخر یہ معاشی خوشحالی کیسے آئی؟ہم کسی کی ذاتی دولت یا کاروبار پر اعتراض نہیں کرتے۔ ہر شخص کو جائز ذرائع سے ترقی کرنے کا حق حاصل ہے، لیکن اگر کسی عہدیدار کی مالی حیثیت میں غیر معمولی تبدیلی آئی ہے تو صحافتی برادری یہ پوچھنے کا حق رکھتی ہے کہ اس ترقی کے ذرائع کیا ہیں؟ایک طرف چھوٹا صحافی آج بھی موٹر سائیکل کے پیٹرول، گھر کے کرائے اور بچوں کی فیس کے لیے پریشان ہے، جبکہ دوسری طرف بعض عہدیداروں کا طرزِ زندگی پہلے سے بالکل مختلف دکھائی دیتا ہے۔
کیا پریس کلبوں کو ملنے والی سرکاری گرانٹس، صحافیوں کے نام پر آنے والے فنڈز، دوروں کے اخراجات اور دیگر سہولیات کا حساب ممبران کے سامنے پیش کیا جا سکتا ہے؟
مالِ مفت، دلِ بے رحم!
اگر کسی ادارے کو سرکاری یا دیگر ذرائع سے مالی وسائل ملتے ہیں تو ان کا حساب کتاب تمام ممبران کے سامنے ہونا چاہیے۔ صحافیوں کے نام پر وسائل حاصل کیے جائیں اور فائدہ صرف چند مخصوص افراد کو پہنچے تو یہ صورتِ حال قابلِ سوال ہے۔صحافیوں کو یہ جاننے کا حق ہے کہ ان کے نام پر آنے والے وسائل کہاں خرچ ہوتے ہیں اور ان سے کتنے صحافی مستفید ہوتے ہیں۔
سکھر میڈیا سنٹر کا قیام، ایک نیا امتحان
اب سکھر میڈیا سنٹر کے قیام نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ اس پلیٹ فارم کے بانیوں کے سامنے سب سے بڑا امتحان یہ ہوگا کہ وہ ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرائیں۔سکھر میڈیا سنٹر کو چاہیے کہ وہ ایک ایسا پلیٹ فارم بنے جہاں کسی کو عہدے کی بنیاد پر کمتر نہ سمجھا جائے، کسی صحافی کی تذلیل نہ ہو، کسی کو ذاتی پسند ناپسند کی بنیاد پر نکالا نہ جائے اور ہر ورکنگ جرنلسٹ کو اپنی بات رکھنے کا حق حاصل ہو۔اگر نیا ادارہ بھی چند افراد کی اجارہ داری، گروپ بندی اور انتقامی کارروائیوں کا مرکز بن گیا تو پھر اس کے قیام کا مقصد بھی فوت ہو جائے گا۔
صحافتی قیادت سے سات اہم سوالات
1۔ کیا پریس کلب کسی صدر یا چند عہدیداروں کی ذاتی ملکیت ہیں؟ 2۔ کیا عام ممبر کو قیادت سے سوال کرنے اور اختلاف رائے کا حق حاصل ہے؟ 3۔ کیا ممبران کو ذاتی پسند ناپسند کی بنیاد پر نکالنا آئین اور جمہوری اصولوں کے مطابق ہے؟ 4۔ کیا کسی صحافی کے خلاف کارروائی سے پہلے اسے صفائی کا موقع دیا جاتا ہے؟ 5۔ کیا پریس کلبوں کے مالی معاملات کا باقاعدہ آڈٹ ہوتا ہے؟ 6۔ بعض عہدیداروں کے طرزِ زندگی میں نمایاں تبدیلی کے ذرائع کیا ہیں؟ 7۔ آخر صحافیوں کو بار بار نئے پلیٹ فارم بنانے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟
آخری بات: پریس کلب وڈیرے کی اوطاق نہیں، صحافیوں کا گھر ہے!
سکھر میں چار پریس کلب یا صحافتی پلیٹ فارمز بن جانا بذات خود صحافت کی کامیابی نہیں۔ اصل کامیابی تب ہوگی جب کسی چھوٹے صحافی کو اپنی عزت بچانے کے لیے نیا ادارہ قائم نہ کرنا پڑے، جب کسی ورکنگ جرنلسٹ کو اپنے ہی ادارے میں تذلیل کا سامنا نہ کرنا پڑے اور جب صحافیوں کے حقوق کسی عہدے یا شخصیت کے محتاج نہ ہوں۔
یاد رکھیے! پریس کلب کسی وڈیرے کی اوطاق نہیں، یہ صحافیوں کا گھر ہے۔ یہاں کوئی مالک اور کوئی نوکر نہیں، سب ممبران برابر ہیں۔ صدر ہو یا جنرل سیکریٹری، ہر عہدیدار ممبران کے سامنے جواب دہ ہے۔جو ادارہ صحافیوں کی آواز بننے کے بجائے ان کی آواز دبانے لگے، جہاں اختلاف رائے کو جرم سمجھا جائے اور جہاں ذاتی پسند ناپسند کی بنیاد پر ممبران کے مستقبل کے فیصلے کیے جائیں، وہاں اصلاح کی ضرورت شدت سے محسوس ہوتی ہے۔
اب وقت آ گیا ہے کہ سکھر کی صحافتی قیادت اپنے گریبان میں جھانکے اور سوچے کہ آخر صحافی متحد ہونے کے بجائے الگ الگ پلیٹ فارم بنانے پر کیوں مجبور ہو رہے ہیں؟ہماری جدوجہد کسی ایک پریس کلب کے خلاف نہیں، بلکہ چھوٹے صحافیوں کی عزت، ورکنگ جرنلسٹس کے حقوق، شفافیت، جمہوریت اور آزاد صحافت کے لیے ہے۔آزاد صحافت زندہ باد!ورکنگ جرنلسٹس اتحاد زندہ باد! سکھر میڈیا سنٹر پائندہ باد!( آدم شمبانی،سکھر، سندھ)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں