وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے منگل کو کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اورپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر حکومت سندھ کی جانب سے ڈھائی کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک کلب کے عہدیداروں کو پیش کیا اور اعلان کیا کہ ایل ڈی اے کے 200سے زیادہ پلاٹ متاثرین کو متبادل پلاٹس ایل ڈی اے ہی میں دئیے جارہے ہیں جس کے لئے جگہ بھی دیکھ لی گئی ہے ۔قبل ازیں پریس کلب آمد پر صدر امتیاز خان فاران ،سیکرٹری ارمان صابر ،نائب صدر سعید سربازی ،جوائنٹ سیکرٹری ثاقب صغیر ،خازن راجہ کامران اور گورننگ باڈی کے ارکان نے سید ناصر حسین شاہ کا استقبال کیا اور انہیں سندھ کی روایتی اجرک،تحائف اور پھول پیش کیے ۔پریس کلب کے عہدیداروں سے ملاقات میں سیکریٹری اطلاعات و ڈی جی ایم ڈی اے عمران عطا سومرو، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، ڈی جی ایل ڈی اے عامر خورشید سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پورے پاکستان میں صحافیوں کوسب سے زیادہ سپورٹ پیپلز پارٹی کی جانب سے دی جاتی ہے۔کراچی پریس کلب کے لیے ڈھائی کروڑ روپے کی گرانٹ ایک چھوٹا سا ٹوکن ہے جو بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے ممبران کی لائف انشورنس لازمی کرائی جائے جبکہ ممبران کے پلاٹوں کے معاملات کو بھی حل کررہے ہیں ۔کے پی سی کے 210 متاثر ممبران کو نشاندہی کی گئی ہے جن کو ہاکس بسے میں زمین دینے کے لیے ڈی جی لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کردی گئی ہے ۔ان ممبران کو مسئلہ جلد حل ہوجائے گا ۔صحافی کالونی ہاکس بے کی لیز کے کے حوالے سے ناصر شاہ نے سیکریٹری بلدیات سندھ کو بھی احکامات دیئے۔اس موقع پرسیکرٹری بلدیات نے بتایا کہ صحافی کالونی ہاکس بے سمیت پانچ ہزار ایکٹرسے زائد زمین کی لیز کرانے کے لیے معاملہ حتمی مراحل میں ہے ۔ایڈیشنل ڈی جی ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ناصر خان نے بتایاکہ ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں کے پی سی ممبران کو تیسر ٹائون میں الاٹ پلاٹ کی ادائیگی پرانے فارمولا کے تحت 20 فیصد کرنی ہوگی۔ایم ڈی اے میں کے پی سی ممبران ادائیگی کریں ان کو فوری طور پر پزیشن اور الاٹمنٹ آرڈر دیئے جائیں گے۔اس موقع پرکراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران اور سیکرٹری ارمان صابر نے پریس کلب کو گرانٹ کا چیک دینے پر صوبائی وزیر اور پیپلزپارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ پریس کلب کا ساتھ دیا ہے، ایل ڈی اے میں 210پلاٹوں کا معاملہ تھا وہ حل ہورہا ہے اور متبادل جگہ دیکھ لی گئی ہے۔ہم سندھ حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے شکرگزار ہیں کہ ان کی ہدایات کی روشنی میں کلب ممبران کے دیرینہ مسائل حل کرنے کی جانب مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور امید ہے کہ تمام مسائل کو جلد از جلد حل کرلیا جائے گا۔ اس موقع پرکراچی پریس کلب کے سینئر اراکین کے علاوہ سندھ سیکریٹری انفارمیشن عمران عطا سومرو، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، ڈائریکٹر ایل ڈی اے آغا نفیس، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے ناصر خان، ڈائریکٹر ایم ڈی اے محمد عارف خان، اور دیگر بھی موجود تھے۔

