این سی سی آئی نے ایک اور صحافی گرفتار کرلیا۔۔ 29

این سی سی آئی نے ایک اور صحافی گرفتار کرلیا۔۔

چمن پریس کلب کے رکن اور صحافی نجیب الدین اچکزئی کو این سی سی آئی نے کوئٹہ سے گرفتار کرلیا۔۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق صحافی نجیب الدین اچکزئی کی گرفتاری کوئٹہ میں عمل میں لائی گئی، تاہم ان کے خلاف درج مقدمے کی تفصیلات اور مبینہ الزامات تاحال سامنے نہیں آسکے۔دریں اثناچمن پریس کلب کے صحافیوں نے پریس کلب کے رکن صحافی نجیب الدین اچکزئی کی مبینہ بلاجواز گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور متعلقہ حکام سے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔چمن پریس کلب کے صحافیوں نے اپنے مشترکہ مذمتی بیان میں کہا کہ ایک ادارے کی جانب سے صحافی نجیب الدین اچکزئی کی مبینہ گرفتاری انتہائی تشویشناک اور قابلِ مذمت اقدام ہے، جس سے صحافی برادری میں بے چینی اور تشویش پائی جاتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں اور عوامی مسائل، حقائق اور حالات کو سامنے لانا ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے۔ صحافیوں کو بلاجواز گرفتار کرنے یا ہراساں کرنے جیسے اقدامات آزادیٔ صحافت اور آزادانہ صحافتی سرگرمیوں کے لیے تشویش کا باعث بنتے ہیں۔چمن پریس کلب کے صحافیوں نے مطالبہ کیا کہ نجیب الدین اچکزئی کو فوری طور پر رہا کیا جائے، ان کی گرفتاری کی وجوہات واضح کی جائیں اور صحافیوں کو بلاجواز ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ کسی خوف یا دباؤ کے بغیر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں۔مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا کہ صحافیوں کا تحفظ اور آزادیٔ اظہارِ رائے کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ صحافی برادری اپنے ساتھیوں کے حقوق، عزت و وقار اور پیشہ ورانہ تحفظ کے لیے متحد ہے۔چمن پریس کلب کے صحافیوں نے واضح کیا کہ وہ نجیب الدین اچکزئی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی فوری رہائی سمیت صحافیوں کے قانونی اور پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں