کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدرنصراللہ چوہدری، سیکرٹری ریحان خان چشتی اور مجلسِ عاملہ نے آج ٹی وی کے سینئر کیمرہ مین اور کراچی پریس کلب کے رکن شہادت بلوچ کی اچانک طبیعت خراب ہونے اور انہیں برین ہیمرج کی علامات کے باعث جناح اسپتال منتقل کیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کی انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ کےیو جے دستور کے رہنماؤں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق شہادت بلوچ سمیت آج ٹی وی کے ملازمین گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔ تنخواہوں کی مسلسل عدم ادائیگی نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو شدید معاشی، ذہنی اور نفسیاتی دباؤ میں مبتلا کر رکھا ہے۔ گھر کے اخراجات پورے کرنا، بچوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرنا، مکان کا کرایہ ادا کرنا اور بیماری کی صورت میں علاج معالجہ کرانا بھی ان کے لیے مشکل بنا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہادت بلوچ کی اچانک طبیعت بگڑنے اور ان کی تشویش ناک حالت کی اطلاعات نے صحافتی برادری کو شدید اضطراب میں مبتلا کردیا ہے۔ وہ پانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی اور خاندان کے واحد کفیل ہیں۔ ان کی والدہ بھی شدید علیل ہیں۔ ایسے حالات میں ایک محنت کش صحافی اور اس کے خاندان کو معاشی بے یقینی اور ذہنی اذیت سے دوچار رکھنا انتہائی افسوس ناک ہے۔کے یو جے دستور کے رہنماؤں نے کہا کہ میڈیا اداروں کو یہ حقیقت فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ ان کی نشریاتی سرگرمیوں کے پیچھے صحافیوں، کیمرہ مینوں اور دیگر کارکنوں کی شب و روز محنت شامل ہوتی ہے۔ اگر یہی کارکن اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر ہوں تو ادارے کی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ فوری طور پر ان کے مسائل حل کرے۔ تنخواہ کسی ملازم پر احسان نہیں بلکہ اس کی محنت کا بنیادی اور قانونی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر کے سنگین نتائج سے انتظامیہ کو پہلے بھی آگاہ کیا گیا تھا، اس کے باوجود ادائیگیوں کا مسئلہ حل نہ ہونا انتہائی قابلِ افسوس ہے,صحافیوں کو مسلسل مالی دباؤ میں رکھنا نہ صرف ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی، ذہنی سکون اور خاندانی زندگی کو بھی بری طرح متاثر کرتا ہے۔صدر نصراللہ چوہدری، سیکرٹری ریحان خان چشتی اور مجلسِ عاملہ نے آج ٹی وی کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تمام ملازمین کی چار ماہ سے واجب الادا تنخواہیں فوری طور پر ادا کی جائیں، شہادت بلوچ کے علاج اور اہلِ خانہ کی معاونت کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور آئندہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے واضح لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے۔انہوں نے کراچی پریس کلب، کراچی یونین آف جرنلسٹس کے تمام دھڑوں، صحافتی تنظیموں اور میڈیا ورکرز سے اپیل کی کہ وہ اس سنگین معاملے پر متحد ہو کر آواز بلند کریں اور متاثرہ ملازمین کو ان کے حقوق دلانے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحافیوں کے معاشی استحصال اور ان کے بنیادی حقوق کے معاملے پر خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی۔کے یو جے دستور کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ میڈیا مالکان اور انتظامیہ صحافیوں کو محض ادارے کے کارکن نہیں بلکہ اپنے ساتھی اور پیشہ ورانہ نظام کا بنیادی ستون سمجھیں۔ ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی، علاج معالجے کی سہولت اور باعزت زندگی کے لیے ضروری اقدامات کرنا اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے شہادت بلوچ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے صحافتی برادری اور تمام احباب سے اپیل کی کہ وہ ان کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہادت بلوچ جلد صحت یاب ہو کر اپنے اہلِ خانہ اور صحافتی برادری کے درمیان واپس آئیں گے۔
30
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل