کرائم رپورٹرز کی تنظیم کی آج نیوز انتظامیہ کو وارننگ ۔۔۔ 38

کرائم رپورٹرز کی تنظیم کی آج نیوز انتظامیہ کو وارننگ ۔۔۔

کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن نے آج نیوز میں دورانِ ڈیوٹی برین ہیمرج کا شکار ہونے والے کیمرہ مین شہادت بلوچ کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے ادارے میں چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔ آج نیوز کے ملازمین گزشتہ چار ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید ذہنی اذیت اور مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ تنخواہوں میں مسلسل تاخیر نے صحافیوں، کیمرہ مینز اور دیگر اسٹاف کو شدید دباؤ سے دوچار کر رکھا ہے۔اس سے قبل بھی متعدد رپورٹرز اور کیمرہ مینز مالی پریشانیوں اور ذہنی دباؤ کے باعث بیماریوں کا شکار ہو چکے ہیں۔ بعض کیمرہ مینز کو دورانِ ڈیوٹی دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کرنا پڑا، جبکہ بعض ملازمین کے بچے بھی بیمار ہیں اور انہیں علاج معالجے کے اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ملازمین کی جانب سے بارہا تنخواہوں کی ادائیگی کے مطالبات اور اپنی مجبوریوں سے آگاہ کرنے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے واجبات ادا نہیں کیے گئے، جو انتہائی افسوس ناک رویہ ہے۔ کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن نے اس سے قبل بھی آج نیوز کی انتظامیہ سے رابطہ کیا تھا، جس پر جلد تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی گئی، تاہم انتظامیہ تاحال اپنے وعدے پر عمل درآمد نہیں کر سکی۔کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن نے آج نیوز انتظامیہ کے اس رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر رواں ماہ کے اختتام تک تمام ملازمین کے بقایا جات ادا نہ کیے گئے تو ادارے کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا، جو تمام واجبات کی مکمل ادائیگی تک جاری رہے گا۔ایسوسی ایشن نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے کہ صحافیوں، کیمرہ مینز اور دیگر ملازمین کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی ان کا بنیادی حق ہے۔ کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن آج نیوز کے تمام متاثرہ ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن جدوجہد اور تمام آئینی و قانونی راستے اختیار کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں