معروف گلوکارہ حمیرا چنا کی گاڑی کراچی کے علاقے بہادرآباد چار مینار چورنگی کے قریب سے چوری ہوگئی۔پولیس کے مطابق گلورہ فیملی کے ہمراہ بہادرآباد چار مینار چورنگی کے قریب شاپنگ کرنے گئی تھیں واپس آئیں تو گاڑی نہیں تھی، گاڑی چوری کا واقعہ 2 روز قبل پیش آیا۔پولیس کے مطابق گلوکارہ حمیرا چنا کی گاڑی چوری کا مقدمہ نیو ٹاون تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ گلوکارہ حمیرہ چنہ کی گاڑی چوری ہونے کا وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے نوٹس لے لیا، وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی اے سی ایل سی اور ایس ایس پی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ چوری کی جانے والی گاڑی کا سراغ لگانے اور اس کی برآمدگی سمیت ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے فوری اور ضروری اقدامات کیے جائیں۔ نیو ٹاؤن پولیس کے مطابق حمیرا چنا اپنے اہلخانہ کے ہمراہ شاپنگ کے لیے آئیں۔ مدعی مقدمہ مقصود احمد چاچڑ نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ 28 اکتوبر کی شام 4 بجے اپنی سلور رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار ماڈل 2010 رجسٹریشن نمبر اے ٹی ایکس 707 بہادر آباد چار مینار کے قریب پارک کر کے شاپنگ کرنے اپنی فیملی کے ہمراہ گیا تھا جس میں میرا موبائل فون اور خریدے گئے خواتین اور بچوں کے کچھ کپڑے اور لیڈیز پرس بھی گاڑی میں موجود تھا۔مدعی کے مطابق وہ جب شام 5 بجے کے قریب واپس آئے تو دیکھا میری گاڑی وہاں پر موجود نہیں تھی۔دوسری جانب صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت و نوادرات سید ذوالفقار علی شاہ نے معروف گلوکارہ حمیرا چنا کی بہادر آباد چار مینار سے گاڑی چوری ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور گلوکارہ حمیرہ چنا سے رابطہ کیا۔انھوں ںے آئی جی سندھ کو گلوکارہ کی گاڑی جلد تلاش کرنے حوالے سے گفتگو کی اور حمیرہ چنا سے یکجہتی کا اظہار کیا، سید ذوالفقار علی شاہ نے حمیرا چنا کو جلد پولیس کی مدد سے گاڑی واپس کرانے کی یقین دہانی کرائی جبکہ صوبائی وزیر کی ہدایت پر ڈی جی ثقافت گلوکارہ حمیرہ چنا سے مسلسل رابطے میں ہیں ۔۔
13
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل