عدالت عظمیٰ میں جنگ،جیو میڈیا گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کیخلاف جائیداد وں کے تبادلہ کے 34سال پرانے معاملہ کے حوالے سے قائم نیب ر یفرنس میں طبی بنیادوں پر دائر ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہیں۔جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس یحی آفریدی اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل تین رکنی بنچ (سوموار 9نومبر کو) کیس کی سماعت کرے گا۔یاد رہے کہ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے پچھلی سماعت منگل 3نومبر کو کی تھی ،جس میں نیب کے پراسیکیوٹر حیدر علی خان نے دو رکنی بینچ پر اعتراض کردیا تھاجس پر عدالت نے تین رکنی بنچ کی تشکیل کے لئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجواتے ہوئے کیس کی مزید سماعت سوموار9نومبر تک ملتوی کردی تھی۔جس کی بنا پر ساڑھے سات ماہ سے جیل میں بند سینئر صحافی و جنگ،جیو میڈیا گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان طبی کی بنیادوں پر دائر کی گئی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست ایک بار پھر ا یک ہفتہ کے لئے التوا کا شکارہوگئی تھی۔یاد رہے کہ جسٹس احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدرپر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے 8جولائی کومیر شکیل الرحمان کی درخواست ضمانت بعداز گرفتاری خارج کی تھی ،جس پر انہوں نے 11 ستمبرکو سپریم کورٹ میں یہ درخواست دائر کرتے ہوئے فاضل عدالت سے لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں ضمانت پر جیل سے رہا کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔

