کراچی کی مقامی عدالت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گیارہ جنوبی نے جے ایس گروپ کے خلاف مبینہ گمراہ کن پروپیگنڈہ کرنے سے متعلق مقدمے میں اینکر پرسن مبشر لقمان کے ایک بار پھر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں، عدالت نے سماعت 7 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے مبشر لقمان کے وارنٹ نجی ٹی وی چینل اور پیمرا کے توسط سے تعمیل کرانے کی بھی ہدایت کی ہے، یار رہے کہ مبشر لقمان متعدد سماعتوں سے مسلسل غیر حاضر ہیں، گزشتہ روز دوران سماعت مقدمے میں نامزد معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی پیش ہوئے۔ قبل ازیں جے ایس بینک نے اپنی پرائیوٹ کمپلینٹ نمبر 578/2018 میں موقف اختیار کیا ہے کہ ملزم مبشر لقمان نے 8 مارچ 2018 کو ایک نجی ٹی وی چینل پر پروگرام کیا جس میں ملزم عقیل کریم ڈھیڈی کو بھی مدعو کیاگیا، پروگرام میں ملزمان نے جے ایس بینک پر بدنیتی کی بنا پر جھوٹے الزامات عائد کیے اور بدنام کرنے کے لیے من گھڑت پروپیگنڈہ کیا جس کا مقصد جے ایس بینک کی ساکھ اور عزت کو نقصان پہنچانا تھا،لہذا ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، یاد رہے کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے جس پر عقیل کریم ڈھیڈی 11 مارچ 2020 کو پیش ہو ئے اور ضمانت حاصل کی جبکہ مبشر لقمان 19 ستمبر 2020 کو پیش ہوئے اور عدالت نے ایک لاکھ روپے کی ضمانت منظور کی تاہم مبشر لقمان نے عدالت سے ذرضمانت اور ضامن کو پیش کرنے کی یقین دہانی کروائی مگر اگلی ہی سماعت سے مبشر لقمان پھر سے مسلسل غیر حاضر ہے۔
مبشرلقمان کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری۔۔
Facebook Comments
