جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن (ریڈیو پاکستان) کے مختلف شعبوں میں کام کرنے والے 749 کنٹریکٹ ملازمین کو بغیر کسی معقول وجہ اور پیشگی نوٹس کے ملازمت سے فارغ کرنےکےخلاف تحریک التواء سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرا دی ہے۔قبل ازیں ریڈیو سے 749ملازمین کی بر طرفی کیخلاف بدھ کواسلام آباد اور لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ آل پاکستان ایمپلائز پنشنرز لیبر تحریک نے اس اقدام کو حکومت اور سرکاری ملازمین کے مابین مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دے دیا ۔تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں سرکاری ریڈیو سے 749ملازمین کی بر طرفی کیخلاف بدھ کواحتجاجی مظا ہرہ کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی کی سیکر ٹری اطلاعات نفیسہ شاہ اور پلوشہ شاہ نے بر طرف ملازمین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہو ئے مظاہرہ میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ سے آر آئی یو جے کے صدر عامر سجاد سید ،ریڈیو یونین کے صدر اعجاز خان اور چوہدری ارشد نے بھی خطاب کیا۔ لاہور اسٹیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں حکومت مخالف بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر بحالی کے مطالبات درج تھے۔ دوسری جانب آل پاکستان ایمپلائز پنشنرز لیبر تحریک نے سرکاری ریڈیو کے 749 کنٹریکٹ ملازمین کی برطرفی کو حکومت اور سرکاری ملازمین کے مابین مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دے دیا ۔ رہبرتحریک حاجی اسلم خان.یوٹیلٹی اسٹورز سی بی اے کے چیئرمین سید عارف حسین شاہ۔ پی ٹی یوڈی سی کے ڈاکٹرچنگیز میونسپل لیبر یونین کے راجہ مجید پی آئی اے کے رمضان لغاری پاک پی ڈبلیو کے ذیشان شاہ ،سول ایویشن کے خالد خان او جی ڈی سی ایل کے ملک اخلاق اور دیگر نے مشترکہ بیان میں کیا ہے۔

