جبری برطرفیاں، صحافیوں کا پنجاب اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ۔۔۔۔ 62

جبری برطرفیاں، صحافیوں کا پنجاب اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ۔۔۔۔

پنجاب اسمبلی پریس گیلری میں صحافیوں کا میڈیا اداروں میں چھانٹیوں ، تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں بائیکاٹ۔ صحافیوں نے اپنے مطالبات کے حق میں اسمبلی ھال کے باہر سیڑھیوں پر نعرے بازی کی ۔ اجتجاجی مظاہرے سے پی ایف یوجے کے سیکرٹری جنرل اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری ، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیر ،پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ،،پریس گیلری کےسیکرٹری سید عباس نقوی نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر سپیکر اسمبلی ملک محمد احمد خان کی ہدایت پر پانچ رکنی وفد صحافیوں سے بات چیت کے لئے آیا ۔ وفد میں ،مسلم لیگ نون کے چیف وہپ رانا ارشد ، اپوزیشن کے چیف وہپ رانا شہباز ، سمیع اللہ خان ،طارق گل ، فرزانہ کمبوہ شامل تھے ۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے اسمبلی وفد کو بتایا کہ میڈیا اداروں میں ورکرز کی چھانٹیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ ابھی حال ہی میں جی این این سے درجنوں ورکرز کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے ۔اسی طرح کچھ عرصہ قبل جبری برطرفی کے تحت آج نیوز، سنونیوز،ڈان نیوز،دنیا نیوز،ایک نیوز،سماء نیوز،365 نیوز،نئی بات میڈیا گروپ (نیو نیوز ،لاہور رنگ)سے درجنوں ملازمین کو نکال دیا گیا مگر ان ملازمین کو ان کے پورے بقایا جات ادا نہیں کیے گئے ۔۔ اسی طرح میڈیا اداروں میں ملازمین کو کئی کئی ماہ کی تنخواہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پنجاب سے میڈیا مالکان کو اربوں روپے کے اشتہارات ملتے ہیں مگر وہ ورکرز کوکئی کئی ماہ تنخواہ نہیں دیتے اور ان کا استحصال کرتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ میڈیا مالکان کوملنےوالے اشتہارات کاآڈٹ کرایاجائےاورمیڈیا ورکرز کو اشتہارات سے تنخواہوں اور میڈیا ورکرز کے بقایاجات کی کٹوتی کرکے مالکان کو ادائیگی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا اداروں میں ورکرز صبح نوکری پر آتے ہیں اور شام کو ان کو ملازمت سے فارغ کیے جانے کا پروانہ تھما دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میڈیا مالکان کو پابند کیا جائے کہ کسی بھی ورکر کو نوکری سے نکالنے سے قبل دو ماہ کا نوٹس پیریڈ دیا جائے۔ بعد ازاں صحافیوں نے اسمبلی وفد کی یقین دہائی پر اپنا احتجاج ختم کردیا ۔ اسمبلی اجلاس میں سپیکر کے وفد نے مشترکہ طور پر اسمبلی میں چیئرپرسن کو صحافیوں کے مطالبات بتائے اور کہا کہ اس معاملہ میں حکومت اپنا کردار ادا کرئے اور میڈیا ورکرز کو بروقت تنخواہ کی ادائیگی کے لئے ایسا طریقہ وضع کیا جائے جس میں اشتہارات کی ادائیگی سے کٹوتی کر کے میڈیا ورکرز کو دی جائے۔ جس پر چیئرپرسن نے وزیر اطلاعات اور پارلیمانی سیکرٹری کو صحافیوں کے مطالبہ کے مطابق طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں