صدر پنجاب یونین آف جرنلسٹ (پی یو جے) فرخ شہباز وڑائچ نے جی این این (GNN) سمیت مختلف میڈیا ہاؤسز سے کارکن صحافیوں کی جبری برطرفیوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف انتہائی قابلِ مذمت ہے بلکہ صحافتی حقوق اور لیبر قوانین کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔ فرخ شہباز وڑائچ کا کہنا تھا کہ جی این این کی انتظامیہ کی جانب سے سابق صدر لاہور پریس کلب و سینئر صحافی معین اظہر سمیت درجنوں کارکن صحافیوں کو بیک جنبشِ قلم روزگار سے محروم کرنا معاشی قتل اور کھلی ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہینوں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور جاب سیکیورٹی نہ ہونے کے باعث صحافی برادری شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی کا شکار ہے، جبکہ کئی صحافیوں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ چکی ہے۔صدر پی یو جے نے مزید کہا کہ ایک طرف میڈیا مالکان کئی ماہ کی تنخواہیں نہ دے کر کارکنوں کا معاشی استحصال کر رہے ہیں اور دوسری جانب وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتیں انہی میڈیا ہاؤسز کو ماہانہ کروڑوں روپے کے سرکاری اشتہارات سے نواز رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس سنگین صورتحال پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے براہِ راست ملاقات کر کے توجہ دلا چکا انہوں نے مسائل حل کی یقین دہانی کروائی تھی -فرخ شہباز وڑائچ نے واضح الفاظ میں متنبہ کیا کہ اگر حکومتِ وقت اور متعلقہ حکام نے جی این این سمیت دیگر اداروں سے جبری برطرفیوں اور بقایاجات کی عدم ادائیگی کا فوری نوٹس نہ لیا ، تو پنجاب یونین آف جرنلسٹ اس معاملے پر پارلیمان سمیت متعلقہ فورم پر احتجاج کرے گی ۔
62
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل