وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ آج تک ہمارے ہاں کسی آرٹسٹ کو اس کی محنت کا معاوضہ نہیں ملتا۔ اسٹیج آرٹسٹ خواتین کہتی ہیں پروڈیوسرز نازیبا لباس پہننے پر مجبور کرتے ہیں۔ ایسے ایسے واقعات سنے ہیں کہ میں بتا نہیں سکتی، آپ سن نہیں سکتے۔پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو بل پیش کیا ہم نے وہ سب کے ساتھ شیئر کیا، تھیٹر کے معیار کو بہتر کر رہے ہیں، جہیز کی لعنت اور منشیات کے خلاف ڈرامے بنتے رہے۔ لوگ دیکھتے تھے، اپوزیشن کے اعتراضات سے لگ رہا ہے جیسے سب بہت اچھا چل رہا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کہا گیا تھا کہ ڈرامہ بغیر ناچ گانے نہیں چلے سکے گا، الحمرا میں بغیر ناچ اور گانے کے اسٹیج ڈراما تین دن چلا، جو گند کر رہے ہیں وہ گھس بیٹھیے ہیں وہ آرٹسٹ نہیں، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ آج جو تھیٹر پر ہو رہا ہے ٹھیک ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سہیل احمد، خالد عباس ڈار، وسیم عباس نے کیوں تھیٹر چھوڑ دیا؟ اس معاملے پر بحث ہوچکی، اسٹیک ہولڈرز کی رائے آچکی بل کی منظوری وقت کی ضرورت ہے۔ حکومت تھیٹر پر پابندی نہیں لگانا چاہتی منظم اور مانیٹر کرنا چاہتی ہے۔عظمیٰ بخاری کے مطابق موجودہ تھیٹر کا ماحول معاشرے کی اخلاقیات کے مطابق نہیں ہے، یہ قانون ثقافت پر پابندی کے لیے نہیں بلکہ فحاشی اور بے راہ روی کے خاتمے کے لیے لایا جا رہا ہے۔وزیراطلاعات و ثقافت نے ایکٹ کی مخالفت کرنے پر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی باتوں سے یوں لگتا ہے جیسے تھیٹر میں سب کچھ مثالی چل رہا تھا اور حکومت نے اچانک کنٹرول یا پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہو۔عظمی بخاری نے کہا کہ اس وقت کمرشل تھیٹرز میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ معاشرے کی اخلاقی قدروں کے مطابق نہیں ہے، تھیٹر کو ایک مخصوص طبقے تک محدود کر دیا گیا ہے جبکہ عام شہری اور خاندان بھی صاف ستھرا تھیٹر دیکھنے کے خواہاں ہیں۔
74
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل