پیکا ایکٹ سمیت صحافیوں کے مسائل پارلیمان میں اٹھائیں گے، بلاول بھٹو ۔۔۔۔ 85

پیکا ایکٹ سمیت صحافیوں کے مسائل پارلیمان میں اٹھائیں گے، بلاول بھٹو ۔۔۔۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزادی صحافت کے بغیر جمہوری نظام مضبوط نہیں ہوسکتا، پیکا ایکٹ سمیت صحافیوں کو درپیش قانونی اور پیشہ ورانہ مسائل پر میڈیا ادارے اپنی تجاویز مرتب کریں، پیپلز پارٹی پارلیمان، قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں صحافیوں کی آواز بنے گی۔منگل کو کراچی پریس کلب کے پروگرام ”میٹ دی پریس“ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید سیاسی، معاشی اور جمہوری بحران سے گزر رہا ہے۔ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے، لوگوں کو روزمرہ ضروریات، بچوں کی تعلیم اور بزرگوں کے علاج معالجے کے درمیان انتخاب کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے حالات میں سیاسی قیادت کی اولین ترجیح عوامی مسائل کا حل ہونا چاہیے، لیکن بدقسمتی سے ملک میں عوامی مشکلات کے بجائے سیاسی تقسیم، نفرت اور اختیارات کی کشمکش پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام خودبخود خراب نہیں ہوا بلکہ اسے خراب کیا گیا ہے، اس لیے اس کی اصلاح کے لیے سیاسی اور جمہوری راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ پارلیمان، الیکشن کمیشن، عدلیہ اور میڈیا سمیت تمام قومی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں صحافیوں نے جمہوریت، آزادی اظہار اور عوامی حقوق کے لیے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ صحافیوں کی اصل طاقت ان کا قلم اور آواز ہے، جو بندوق اور گولی سے زیادہ موثر ہے۔ میڈیا معاشرے میں چیک اینڈ بیلنس کا بنیادی ادارہ ہے، اگر میڈیا کمزور ہوگا تو جمہوری نظام بھی مضبوط نہیں رہ سکے گا۔انہوں نے کہا کہ آج صحافتی اداروں کا کام جاری رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور صحافی معاشی و پیشہ ورانہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ کراچی کے ایک نجی ٹی وی چینل سے پہلے 25 صحافیوں کو فارغ کیا گیا جبکہ اب مزید 25 صحافیوں کی ملازمتیں ختم ہونے کی اطلاعات ہیں، اس طرح 50 خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ صحافیوں کے معاشی تحفظ اور ملازمتوں کا تحفظ بھی آزادی صحافت کے لیے ضروری ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کراچی پریس کلب اور میڈیا نمائندوں سے کہا کہ وہ آزادی صحافت، صحافیوں کے تحفظ اور انہیں درپیش قانونی و پیشہ ورانہ مسائل کے حوالے سے اپنی تجاویز مرتب کریں۔ پیکا ایکٹ سمیت ایسے قوانین اور قانونی طریقہ کار کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے جن کے حوالے سے صحافتی حلقوں کو تحفظات ہیں، تاکہ آزادی اظہار اور صحافیوں کے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پیپلز پارٹی صحافیوں کی تجاویز کو پارلیمان میں اٹھائے گی اور قومی اسمبلی و سندھ اسمبلی میں ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ صحافت کو دباوسے آزاد ہونا چاہیے اور صحافیوں کو عوامی مسائل اجاگر کرنے پرمشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ میڈیا کی آزادی محض صحافیوں کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ پورے معاشرے اور جمہوری نظام کے مفاد کا معاملہ ہے۔۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اگر صوبوں کے وسائل اپنے پاس رکھے گی تو پھر صوبائی حکومتوں سے یہ سوال نہیں کرنا چاہیے کہ سڑکیں کیوں ٹوٹ رہی ہیں، اسکول کیوں نہیں بن رہے اور صحت کا نظام کیوں کمزور ہے۔ صوبوں کو ان کے آئینی حقوق اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ عوام کی بنیادی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ قدرتی وسائل اور نایاب زمینی معدنیات کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کا آئینی اختیار موجود ہے، تاہم بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔کراچی میں اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اور امن و امان کی صورت حال سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قانون و امن کا مسئلہ سندھ حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ کچے کے علاقوں اور شمالی سندھ میں اغوا برائے تاوان کے خلاف پولیس اور صوبائی حکومت کی کوششوں سے حالات میں بہتری آئی ہے، تاہم کراچی سمیت شہری علاقوں میں اسٹریٹ کرائم اب بھی سنگین مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم صرف امن و امان کا معاملہ نہیں بلکہ اس کے ساتھ معاشی حالات بھی جڑے ہوئے ہیں۔ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے باعث معاشرے میں مایوسی بڑھ رہی ہے، جس کے اثرات جرائم کی صورت میں بھی سامنے آتے ہیں۔ منظم جرائم کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور مزید اقدامات کیے جائیں گے، تاہم بنیادی معاشی مسائل حل کیے بغیر اسٹریٹ کرائم کے مکمل خاتمے میں مشکلات رہیں گی۔سابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں۔ دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جہاں انہیں کلب کی جانب سے اعزازی رکنیت دینے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، شازیہ مری، شرجیل انعام میمن، سعید غنی، مرتضیٰ وہاب، شرمیلا فاروقی، امداد پتافی، جمیل سومرو اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ نے بلاول بھٹو زرداری کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور آزادی اظہار رائے کے لیے آواز بلند کرتے رہنے کی درخواست کی۔ اجلاس میں نائب صدر دلشاد کھوکھر، سیکریٹری اسلم خان، نائب سیکریٹری فاروق سمیع، خازن عمران ایوب اور مجلس عاملہ کے ارکان جاوید مہر، فرید عالم اور عبدالجبار ناصر نے شرکت کی۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے قائم مقام صدر جاوید مہر اور سیکریٹری اسلم خان نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ جمہوریت، آزادی صحافت اور آزادی اظہار کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے کراچی پریس کلب کے دوروں اور صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔سیکریٹری کراچی پریس کلب اسلم خان نے صحافیوں کو الاٹ کیے گئے پلاٹس کے ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے، لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے معاملات کا جائزہ لینے اور پلاٹس کے بقایا چالان جلد جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان کو پلاٹس کی الاٹمنٹ کا عمل مکمل ہوچکا ہے، تاہم ترقیاتی کاموں میں مزید پیش رفت کی ضرورت ہے تاکہ صحافی اپنے گھروں کی تعمیر کا خواب پورا کرسکیں۔انہوں نے کراچی پریس کلب کی سالانہ گرانٹ میں اضافے، کلب کے تقریباً 1800 ارکان اور عملے کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی فنڈز، صحافیوں کے علاج اور بچوں کی تعلیم کے لیے مستقل انڈومنٹ فنڈ کے قیام اور بے روزگار صحافیوں کی معاونت کے لیے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی پالیسی بنانے پر بھی زور دیا۔اسلم خان نے کہا کہ صحافیوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کا نظام بنایا جائے تاکہ وہ اپنی محدود آمدنی کے باوجود الاٹ شدہ پلاٹس پر گھر تعمیر کرسکیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ کراچی پریس کلب کے مسائل کے حل کے لیے سندھ حکومت کے متعلقہ وزرا، محکموں کے افسران اور پریس کلب کی قیادت پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم کی جائے، جسے تمام معاملات حل کرنے کے لیے باقاعدہ ٹائم فریم دیا جائے۔میٹ دی پریس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، صوبائی وزرا، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب کے اختتام پر کراچی پریس کلب کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو روایتی اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ پیش کیا گیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کراچی پریس کلب کی دعوت اور صحافیوں سے ملاقات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ صحافیوں کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز اور مسائل کو پارلیمان میں اٹھانے اور ان کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں