bari eid ki bari film trailer release by muhammad nasir

بڑی عید کی بڑی فلم،ٹریلر ریلیز

بلاگ: محمد ناصر۔۔

مہوش حیات اور فہد مصطفی کی انٹرٹینمنٹ سے بھر پور فلم ’’لوڈویڈنگ‘‘ کا جاندار ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے جس نے اَپ لوڈ ہوتے ہی سب کے دِل جیتنا شروع کردیئے ہیں۔ دیہات کی زندگی، روایتی خاندانی نوک جھونک، عشق میں ناکامی، راجا کی بارات اور بے بی کی شادی کا سیاپا یہ سب لوازمات ڈھائی منٹ کے ٹریلر کی جان ہیں۔ سپر ہٹ فلمی جوڑی فہد مصطفی اور مہوش حیات نے شاندار پرفارمنس دکھا کر ٹریلر دیکھنے والوں پر جادو کردیا ۔ فلم کے پوسٹرز اور پرموز نے پہلے ہی عوام میں بے انتہا پذیرائی حاصل کرلی ۔ کہانی کا مزہ دوبالا کرنے کیلئے فلم میں پانچ شاندار اور دِل چھولینے والے گیت بھی شامل کئے گئے ہیں۔ دیہاتی لباس اور انداز نے مہوش حیات اور فہد مصطفی کی جوڑی کو مزید چار چاند لگا دیئے ۔ فلم میں شادی بیاہ کے خوبصورت رنگوں کے ساتھ پیار ، محبت ، آنسو اور جذبات کی کہانی کو بڑے پردے پر دیکھنے کیلئے عوام کو بڑی عید تک انتظار کرنا ہوگا کیونکہ شادی کے یہ ہنگامے فلم دیکھنے والوں کو شادی کے ماحول میں لے جائیں گے۔ اس فلم میں ہنسی مذاق اور شرارتیں بھی ہیں، تو سنجیدگی اور تلخیاں بھی ۔ ماضی کی فلموں نے پنجاب کلچر کو تباہ کیا تھا لیکن اس فلم کے ذریعے پنجاب کے حسین اور حقیقی رنگوں کو نمایاں کیا گیا ہے۔ فلم کے ہر کردار سےپنجاب کی مٹی کی خوشبو مہکتی نظر آرہی ہے۔  یہی سب فلم کی کہانی کا خلاصہ ہے ۔ فلم کے پروڈیوسر فضا علی اور مہدی علی ہیں۔ نبیل قریشی اس فلم کے ہدایتکار ہیں جنہوں نے اپنی پہلی فلم ’’نامعلوم افراد ‘‘ کے ذریعے پاکستان کی فلم انڈسٹری کو نکھار دیا تھا۔ اِس کے بعد ایکٹر اِن لاء اور نامعلوم افراد 2نے بھی دُنیا بھر میں باکس آفس پر ریکارڈ قائم کئے ۔ ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ اِن کی ہدایات میں بننے والی نئی فلم ہے جس میں فہد مصطفی، مہوش حیات ، ثمینہ احمد، فائزہ حسن، نور الحسن ، انجم حبیب ، غزالہ بٹ اور مزاحیہ فنکار قیصر پیابھی اپنا جلوہ دکھائیں گے۔ فلم والا پکچرز اور ’’جیو فلمز‘‘ کے تعاون سے فلم ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ بڑی عید پر پاکستان بھر میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی جو عوام کیلئے عید کا بڑا تحفہ ہے۔(محمد ناصر)۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں