پنجاب میں اسٹیج ڈراموں سے متعلق متنازع قانون منظور 62

پنجاب میں اسٹیج ڈراموں سے متعلق متنازع قانون منظور

پنجاب اسمبلی نے 'دی پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنس' بل کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے، جس کے تحت صوبے میں فنکاروں کی رجسٹریشن، سکرپٹ کی پیشگی منظوری، تھیٹرز کے لائسنس اور پرفارمنسز کی نگرانی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔نئے قانون کے تحت اس میں متعین کردہ ضابطوں کی خلاف ورزی پر نہ صرف لاکھوں روپے کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے بلکہ چھ ماہ تک کی قید بھی بھگتنی پڑ سکتی ہے۔ نئے قانون کے مسودے کے تحت ایسے ڈراموں یا پرفارمنسز کی اجازت نہیں ہوگی جو ’فحش‘، ’ہتک آمیز‘، ’مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والی‘، ’نفرت کو ہوا دینے والی‘ یا حکومت کے خلاف نفرت پیدا کرنے والی تصور کی جائیں۔
بی بی سی اردو کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے اراکین اور سوشل میڈیا پر متعدد شخصیات نے ’دی پنجاب ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنس‘ بل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے 'فن اور آرٹ کو مکمل سرکاری کنٹرول' میں رکھنے کی کوشش قرار دیا ہے۔صوبائی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ رکن وقاص محمود نے کہا کہ ’اس قانون کے تحت فن اور آرٹ کو مکمل سرکاری کنٹرول میں دے دیا جائے گا، چاہے وہ قوالی ہو یا ڈھول بجانے والا ہو۔ ہر آرٹسٹ سرکاری کنٹرول میں آ جائے گا۔ اس کو پہلے اپنی رجسٹریشن کرانی پڑے گی۔ اس کے بغیر وہ پرفارم نہیں کر سکے گا۔ دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات اعظمیٰ بخاری نے بل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کسی پابندی کا سوچ بھی نہیں سکتی۔انھوں نے صوبائی اسمبلی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’بل کا مقصد مانیٹرنگ کرنا اور انڈسٹری کو ریگولیٹ کرنا ہے۔‘
اس نئے قانون کے تحت فنکاروں کی رجسٹریشن، سکرپٹ کی پیشگی منظوری، تھیٹرز کے لائسنس اور پرفارمنسز کی مسلسل نگرانی کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔پنجاب اسمبلی میں پیش کیے گئے ’پنجاب ڈرامیٹک اینڈ ٹھیٹریکل پرفارمنسز بل‘ کے مطابق صوبے میں کوئی بھی ڈرامہ یا تھیٹر پرفارمنس اس وقت تک منعقد نہیں کی جا سکے گی جب تک اس کے لیے سرکاری لائسنس حاصل نہ کیا جائے اور اس کا سکرپٹ متعلقہ حکام سے منظور نہ ہو۔اس قانون کے تحت حکومت ایک یا ایک سے زیادہ سکرپٹ ریویو کمیٹیاں قائم کرے گی جو ڈراموں اور تھیٹر پرفارمنسز کے سکرپٹس کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کریں گی۔ کسی بھی پروگرام کے انعقاد سے کم از کم 15 روز قبل سکرپٹ کمیٹی کو بھجوانا لازمی ہوگا۔قانون میں کہا گیا ہے کہ ایسے ڈراموں یا پرفارمنسز کی اجازت نہیں ہوگی جو ’فحش‘، ’ہتک آمیز‘، ’مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والی‘، ’نفرت کو ہوا دینے والی‘ یا حکومت کے خلاف نفرت یا بیزاری پیدا کرنے والی تصور کی جائیں۔پنجاب اسمبلی میں منظور کیے گئے بل کے مطابق تھیٹر یا ڈرامے میں حصہ لینے والے تمام فنکاروں، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز، کوریوگرافرز اور دیگر متعلقہ افراد کو سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہونا ہوگا۔ غیر رجسٹرڈ فنکار کسی پرفارمنس میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
قانون کے تحت ہر پرفارمنس کی ’فل ڈریس ریہرسل‘ بھی سینسر کمیٹی کے سامنے پیش کرنا لازم ہوگا، جو اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا پیشکش منظور شدہ سکرپٹ کے مطابق ہے یا نہیں۔بل میں یہ شرط بھی شامل کی گئی ہے کہ تھیٹر یا ڈرامے کے منتظمین پورے پروگرام کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ رکھیں گے اور کم از کم 30 دن تک اسے حکام کے لیے دستیاب رکھنا ہوگا۔ ساتھ ہی پرفارمنس کی لائیو الیکٹرانک نگرانی کی سہولت بھی پنجاب کونسل آف دی آرٹس کو فراہم کرنا ہوگی۔قانون کے مطابق اس میں درج ضابطوں کی خلاف ورزی پر تین لاکھ سے پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ سنگین خلاف ورزیوں کی صورت میں لائسنس معطل یا منسوخ کیا جا سکے گا۔ بعض جرائم پر چھ ماہ تک قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا بھی تجویز کی گئی ہے۔بل میں فنکار کی رجسٹریشن فیس 10 ہزار روپے، سکرپٹ جانچنے یا منظوری کی فیس 35 ہزار روپے اور تھیٹر یا پرفارمنس مقام کے لائسنس کی فیس 25 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب ایکسپریس نیوز کےمطابق پنجاب اسمبلی میں ڈرامیٹک اینڈ تھیٹریکل پرفارمنسز ایکٹ 2026 منظور کرلیا جس کے تحت فنکاروں پر عائد رجسٹریشن فیس ختم کردی گئی جبکہ ہراسانی، فحش اور بے ہودہ پر فارمنس پر مکمل پابندی ہوگی۔نئے تھیٹر ایکٹ کے تحت تھیٹر فنکاروں کی رجسٹریشن فیس ختم جبکہ تھیٹرز میں ہراسانی اور کم از کم اجرت ادا نہ کرنے پر لائسنس منسوخ ہوگا۔ عظمیٰ بخاری نے ایوان کو بتایا کہ فحش اور بیہودہ پرفارمس پر تھیٹرز میں مکمل پابندی ہوگی جبکہ ہر فنکار کی رجسٹریشن لازمی ہوگی اور غیر رجسٹرڈ فنکار سے پرفارمس کروانے پر تھیٹر سیل ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں