تحریر: ہمایوں سلیم
صحافت کو ہمیشہ معاشرے کی آنکھ اور آواز قرار دیا جاتا ہے۔ صحافی نہ صرف معاشرتی مسائل کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ عوام کے حقوق، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور آزادیٔ اظہار کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ لیکن یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ دوسروں کے مسائل کی آواز بننے والی صحافی برادری خود بے شمار مسائل، مشکلات اور تقسیم کا شکار ہے۔ صحافیوں کے حقوق، معاشی تحفظ، ملازمتوں کے عدم استحکام، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور دیگر پیشہ ورانہ مسائل اپنی جگہ موجود ہیں، مگر ان مسائل سے بھی زیادہ تشویش ناک امر صحافیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی گروپ بندی اور تقسیم ہے۔
گزشتہ دنوں کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات کے موقع پر برادرِ عزیز علی احمد ڈھلوں نے جس مثبت اور قابلِ تحسین روایت کا آغاز کیا، وہ نہ صرف کرائم رپورٹرز بلکہ لاہور کی پوری صحافی برادری کے لیے ایک مثال بن سکتی ہے۔ انہوں نے انتخابات سے صرف ایک روز قبل کرائم رپورٹرز کے دونوں دھڑوں کو ایک جگہ جمع کرکے ایک پرتکلف دعوت کا اہتمام کیا۔ بظاہر یہ ایک معمول کی دعوت تھی، لیکن اس کے پس منظر میں ایک بڑا پیغام اور ایک خوبصورت سوچ کارفرما تھی کہ اختلافات اپنی جگہ، مگر باہمی تعلقات، احترام اور بھائی چارے کو ہر صورت برقرار رہنا چاہیے۔
اگرچہ میں نے بھی اس دعوت میں شرکت کے لیے بڑی مشکل سے دعوت نامہ حاصل کر لیا تھا، لیکن بدقسمتی سے دفتری مصروفیات کی وجہ سے شریک نہ ہو سکا۔ اس بات کا افسوس مجھے ہمیشہ رہے گا کہ میں اس خوبصورت اور یادگار اجتماع کا حصہ نہ بن سکا۔ تاہم اس تقریب کی تفصیلات اور وہاں سامنے آنے والے مناظر نے دل کو خوشی دی کہ صحافیوں کے درمیان اختلافات کے باوجود اتحاد اور محبت کی فضا قائم کی جا سکتی ہے۔
اس دعوت کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ دونوں دھڑے ایک ساتھ بیٹھے، ایک دوسرے سے خوش دلی کے ساتھ ملے اور کہیں بھی ایسی تلخی یا دشمنی دکھائی نہیں دی جو عموماً انتخابی مقابلوں کے دوران دیکھنے میں آتی ہے۔ ارشد انصاری، محسن گورایہ اور ہمارے چھوٹے بھائی خرم پاشا بھی اس مثبت کاوش میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے تھے۔ یہ تمام مناظر اس بات کا اظہار تھے کہ اگر نیت مثبت ہو اور مقصد ذاتی مفادات کے بجائے اجتماعی بہتری ہو تو اختلافات کی دیواریں گرانا کوئی مشکل کام نہیں۔
موجودہ نفسا نفسی کے دور میں علی احمد ڈھلوں کا اصل کمال یہ تھا کہ انہوں نے دونوں صدارتی امیدواروں کو ایک دوسرے کے گلے ملوایا اور ایک خوبصورت پیغام دیا کہ انتخابات محض ایک دن کا عمل ہوتے ہیں۔ ان میں کوئی کامیاب ہوتا ہے اور کوئی ناکام، لیکن اس کے بعد سب نے ایک ہی برادری، ایک ہی پیشے اور ایک ہی معاشرے کا حصہ بن کر رہنا ہوتا ہے۔ انتخابی اختلافات کو مستقل دشمنی میں تبدیل کرنا نہ صرف غیر ضروری ہے بلکہ اس سے اجتماعی مقاصد بھی متاثر ہوتے ہیں۔
یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر صحافیوں کی اتنی بڑی تعداد اور سینکڑوں مسائل کے باوجود لاہور کی صحافی برادری ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر کیوں موجود نہیں؟ بدقسمتی سے آج صحافیوں کی بے شمار تنظیمیں قائم ہو چکی ہیں۔ ہر گروپ کی اپنی تنظیم، اپنا مؤقف اور اپنی ترجیحات ہیں۔ بلاشبہ ہر شخص اور گروپ کو اپنی پسند کے مطابق تنظیم سازی کا حق حاصل ہے، لیکن جب یہ تنظیمیں اجتماعی مفادات کے بجائے ذاتی اختلافات اور گروہی سیاست تک محدود ہو جائیں تو اس کا نقصان پوری صحافی برادری کو اٹھانا پڑتا ہے۔
آج صحافیوں کو ملازمتوں کے تحفظ، بروقت تنخواہوں کی ادائیگی، علاج معالجے کی سہولت، صحافتی آزادی، پیشہ ورانہ تحفظ اور دیگر بنیادی حقوق کے لیے ایک مضبوط آواز کی ضرورت ہے۔ ان مسائل کو انفرادی طور پر اٹھانے کے بجائے مشترکہ جدوجہد کے ذریعے زیادہ مؤثر انداز میں حل کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام تنظیمیں ایک دوسرے کے وجود کو تسلیم کریں، اختلافِ رائے کو برداشت کریں اور صحافیوں کے وسیع تر مفاد کو اپنی گروہی ترجیحات پر فوقیت دیں۔
ایسے حالات میں لاہور کی صحافتی برادری کا جائزہ لیا جائے تو ایک ایسی شخصیت کا نام سامنے آتا ہے جو مختلف گروپس اور دھڑوں کو ایک میز پر بٹھانے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور وہ شخصیت علی احمد ڈھلوں ہیں۔ ان کی ایک نمایاں خوبی یہ ہے کہ وہ صحافیوں کے معاملات میں دلچسپی رکھتے ہیں اور مختلف حلقوں میں ان کے تعلقات موجود ہیں۔ ان کی آواز پر مختلف نظریات اور گروپس سے تعلق رکھنے والے صحافی اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ ان کی حالیہ دعوت اس بات کی عملی مثال ہے کہ وہ اختلافات کے باوجود لوگوں کو قریب لانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
علی احمد ڈھلوں کی اپنی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں، لیکن صحافیوں کے معاملات، ان کے باہمی تعلقات اور فلاح و بہبود میں ان کی دلچسپی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ یہی وہ وصف ہے جس کی آج صحافی برادری کو ضرورت ہے۔ میرا خیال ہے کہ اس مثبت کردار کو صرف ایک دعوت یا ایک انتخابی اجتماع تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے ایک مستقل اور بامقصد تحریک کی شکل دینی چاہیے۔
میری علی احمد ڈھلوں سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ وہ اب اس سلسلے کو مزید آگے بڑھائیں۔ لاہور کی تمام صحافتی تنظیموں، پریس کلب سے وابستہ حلقوں، کرائم رپورٹرز، الیکٹرانک میڈیا، پرنٹ میڈیا اور ڈیجیٹل صحافت سے منسلک صحافیوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اس مقصد کے لیے تمام گروپس کی مشاورت سے ایک ایسا فورم تشکیل دیا جا سکتا ہے جس کا بنیادی مقصد کسی عہدے یا انتخابی سیاست کے بجائے صحافیوں کی فلاح و بہبود، حقوق کا تحفظ اور ان کے اجتماعی مسائل کا حل ہو۔
یاد رکھیے، کسی بھی برادری کی اصل طاقت اس کی تعداد نہیں بلکہ اس کا اتحاد ہوتا ہے۔ اختلافات ہر معاشرے اور ہر تنظیم میں موجود ہوتے ہیں، مگر دانش مندی یہی ہے کہ ان اختلافات کو ذاتی دشمنی نہ بننے دیا جائے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہو گا کہ صحافی اگر اپنے حقوق کے لیے خود ایک آواز نہیں بن سکتے تو دوسروں کے حقوق کے لیے ان کی آواز بھی کمزور پڑ سکتی ہے۔
بلاشبہ علی احمد ڈھلوں کی حالیہ کوشش ایک مثبت مثال ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس مثال کو ایک مستقل روایت میں تبدیل کیا جائے۔ اگر وہ لاہور کی صحافی برادری کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ ان کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پوری صحافت کی خدمت ہو گی۔ یقیناً صحافیوں کے اتحاد اور فلاح و بہبود کے لیے اٹھایا جانے والا ایسا قدم صحافتی تاریخ میں ایک قابلِ ذکر سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔(ہمایوں سلیم)۔۔
47