صدر کے منصب کو بے توقیر نہ کیا جائے، پروگریسیو گروپ 23

صدر کے منصب کو بے توقیر نہ کیا جائے، پروگریسیو گروپ

"فیز ٹو الاٹمنٹ لیٹر دو" تحریک کے تحت لاہور پریس کلب میں پروگریسو گروپ کا احتجاجی اجلاس ہوا،لاہور پریس کلب میں پروگریسو گروپ کا احتجاجی اجلاس چیئرمین معین اظہر کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں پریس کلب کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں ایک بار پھر صدرِ پریس کلب ارشد انصاری کو ان کا وعدہ یاد دلاتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ فیز ٹو کے ممبران کو ہر سال ایک نئی کہانی سنانے کے بجائے اپنے وعدے کے مطابق الاٹمنٹ لیٹرز جاری کیے جائیں ۔ مقررین نے واضح کیا کہ صحافی برادری کے خوابوں کو اکتوبر، نومبر اور دسمبر کی سیاست کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے یاد کرایا کہ اس سال ہونے والی بائیو میٹرک اور انٹیمیشن لیٹر والا پراسس چار سال قبل بھی روڈا میں ہی ہوا تھا جبکہ گزشتہ برس ارشد انصاری کی قیادت میں ہی فیز ٹوکی جگہ کا دورہ بھی کرایا گیا تھا جو کہ بعد میں محض الیکشن سٹنٹ ثابت ہوا ۔ ابھی بھی گوگل میپ پر جس جگہ کو جے بلاک قرار دیا جا رہا ہے اس پر ایک صحافی کی موقع پر جا کر بنائی ویڈیو سامنے آچکی ہے جس نے مزید تشویش پیدا کر دی ہے ۔ اس لیے بہتر ہے کہ ممبران کو جگہ کی ملکیت کے سرکاری ڈاکومنٹس دکھا کر ان میں پھیلنے والی بے چینی اور تشویش کو دور کیا جائے ۔ اجلاس میں ایک نجی ہوٹل میں صدر لاہور پریس کلب کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ذاتی اور شخصی تنازعات کے باعث صدر کے منصب اور وقار کو بے توقیر نہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ میڈیا ہاؤسز میں کام کرنے والے صحافیوں کے خلاف انتقامی سکروٹنی کے ذریعے انہیں پلاٹ کے حق سے محروم کرنے کی مبینہ سازش کی مذمت کی گئی اور اس کے خلاف ہر قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔شرکاء نے بی بلاک اور ایف بلاک کے متاثرین کے مسائل فوری حل کرنے کا بھی پرزور مطالبہ کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ارشد انصاری خود کو یونین کا عہدیدار ظاہر کرتے ہیں لیکن صحافیوں کی مسلسل بے روزگاری اور کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ان کی مسلسل مجرمانہ خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ انہوں نے پورے سال میں ایک بھی احتجاج کی کال نہیں دی جس سے سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہ عہدے اور یونین کس کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہیں؟اجلاس سے معین اظہر، خالد نجیب خان، شاہد اقبال اور سید بدر سعید نے خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں