ورکنگ جرنلسٹس فورم کے بانی و مرکزی صدر میاں خرم شہزاد نے خاتون صحافی سیدہ ورشہ زیدی کے خلاف نازیبا گفتگو، مبینہ جھوٹے پروپیگنڈے اور کردار کشی کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کے خلاف غیر اخلاقی زبان کا استعمال اور بے بنیاد الزامات عائد کرنا کسی بھی مہذب معاشرے میں قابلِ قبول نہیں۔ WJF کے مرکزی صدر میاں خرم شہزاد نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ اختلافِ رائے ہر شہری کا جمہوری حق ہے، لیکن اختلاف کی آڑ میں کسی کی عزتِ نفس کو مجروح کرنا، نازیبا الفاظ استعمال کرنا اور جھوٹے الزامات کے ذریعے کردار کشی کرنا انتہائی افسوس ناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین صحافی معاشرے میں حقائق کی نشاندہی، عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کے خلاف منفی مہم، تضحیک آمیز گفتگو اور بے بنیاد پروپیگنڈے کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔ آزادیِ اظہار کے نام پر کسی کی عزت اور وقار کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ میاں خرم شہزاد نے متعلقہ افراد سے مطالبہ کیا کہ وہ ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کریں، غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں اور اگر کسی کو کوئی اختلاف یا شکایت ہے تو اسے مہذب، قانونی اور اخلاقی طریقے سے سامنے لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورکنگ جرنلسٹس فورم صحافیوں کی عزت، وقار، آزادیِ صحافت اور پیشہ ورانہ تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔ کسی بھی صحافی کے خلاف غیر اخلاقی مہم چلانے یا اس کی کردار کشی کرنے کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔
33
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل