حیدر آباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز ) کے صدر عرفان آرائیں کی قیادت میں یونین کے عہدیداروں کے ایک وفد نے سینئر صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن سے ان کی رہائش گاہ راول ہاؤس میں ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔ وفد میں ایچ یوجے ( ورکرز ) کے خازن ساجد آرائیں، جوائنٹ سیکریٹری رانا حمبل اور دیگر بھی موجود تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات کو سندھ بھر میں انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایگریڈیشن کارڈز کے اجراء کیلئے بنائی جانے والی کمیٹی میں ایچ یوجے ( ورکرز ) اور دیگر یوجیز کی نمائندگی نہ رکھے جانے اور ایکریڈیشن کارڈز کے اجراء میں عامل صحافیوں کیلئے مشکلات پیدا کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا اس کے علاوہ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مستحق صحافیوں کو نظر انداز کر کے مخصوص یونینوں کے کہنے پر اپنے من پسند صحافیوں کی مالی معاونت کرنے کی بھی مذمت کرتے ہوئے انہیں اس صورتحال سے آگاہ کیا جس پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے وفد کو یقین دلایا کہ اس حوالے سے جلد ہی شکایات کا ازالہ کیا جائیگا اور پی ایف یو جے ( ورکرز ) سے تعلق رکھنے والی یوجیز کی نمائندگی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
