15جون تک اخبارات کے واجبات کی ادائیگی کا حکم۔۔۔

پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے 15جون تک اخبارات کے واجبات کی ادائیگی کے لئے احکامات جاری کر دیئے۔ کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)کی طرف سے دائر کردہ رٹ پٹیشن کی 11 مئی کو سماعت کے موقع پر چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جناب جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے اخبارات کے بقایا جات ابھی تک ادا نہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ خزانہ اور محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی کہ 15جون تک اخبارات کے واجبات کی مدمیں ٹوٹل منظور شدہ رقم میں سے چالیس کروڑ کی ادائیگی کر دی جائے۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ صوبائی کابینہ نے اخبارات کے سالہا سال سے واجب الادا رقم جو ایک ارب سے زائد بنتی ہے کی کابینہ اجلاس میں منظوری دی تھی جس میں سے مرحلہ وار ادائیگی کے احکامات کے تحت چالیس کروڑ کی فوری ادائیگی کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ بقایا رقم صوبائی محکموں سے حساب فہمی کے بعد اگست تک ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ سی پی این ای نے سالہا سال سے واجب الادا بقایا جات کے حصول کے لئے 2022 میں پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی تھی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں