سنو نیوز نے حکومت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مزید ملازمین کو برطرف نہیں کریں گے اور نہ ہی ان کی تنخواہوں میں کسی قسم کی کٹوتیاں کی جائیں گی۔۔ یہ یقین دہانی سنونیوزکے سی ای او نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے ملاقات میں کرائی، اس ملاقات میں میڈیا ورکرز کے حقوق، ٹی وی چینلز کو درپیش مسائل اور برطرف کئے گئے ملازمین کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔ملاقات میں 114 ملازمین کو برطرف کرنے کے معاملہ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔برطرف کئے گئے ملازمین کے واجبات فوری طور پر ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔۔ملاقات میں ملازمین کی تنخواہوں میں مزید کٹوتی نہ کرنے اور مزید ملازمین کو برطرف نہ کرنے کا فیصلہ بھی ہوا۔۔ جب کہ نچلی سطح کے ملازمین بشمول ڈرائیورز اور ٹیکنیکل اسٹاف کو دوبارہ ملازمتوں پر بحال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔۔ وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ سنو نیوز کی جانب سے طے کئے گئے نکات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا، لہذا اشتہارات کی پابندی ختم کر دی گئی ، برطرف کئے گئے دیگر ملازمین کے لیے متبادل روزگار کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جن میڈیا اداروں میں مالی یا انتظامی مسائل ہیں، ان کے ساتھ مل کر معاملات حل کئے جائیں گے، کارکنوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا،۔۔
