ملک بھر کے میڈیا اداروں میں صحافیوں اور دیگر ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی، واجبات میں تاخیر اور جبری برطرفیوں کا معاملہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے، تاہم وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے پاس متاثرہ ملازمین کی مجموعی تعداد اور واجب الادا تنخواہوں کی مکمل تفصیلات موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارت کو مسئلے کے حل کے لیے جامع حکمت عملی پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس چیئرمین پلین بلوچ کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں میڈیا اداروں کی جانب سے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی، واجبات روکنے اور پیشگی اطلاع کے بغیر ملازمتوں سے فارغ کرنے کے واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کمیٹی نے قرار دیا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی نہ کرنا اور ملازمت کے معاہدوں کی شرائط پوری کیے بغیر کارکنوں کو برطرف کرنا ان کے روزگار اور معاشی تحفظ کے لیے سنگین مسئلہ ہے۔سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات نے کمیٹی کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے میڈیا اداروں کو واجب الادا رقوم کی مد میں باقاعدگی سے ادائیگیاں کی جا رہی ہیں، تاہم یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ اس کے باوجود بعض میڈیا ادارے اپنے ملازمین کی مالی ذمہ داریاں پوری کیوں نہیں کر رہے۔
19
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل