پاکستان انفارمیشن کمیشن (پی آئی سی) نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی) کو سرکاری اخراجات پر بیرونِ ملک جانے والے افسران اور ملازمین کے دوروں کی تفصیلات ظاہر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔کمیشن نے قرار دیا ہے کہ عوامی فنڈز کے استعمال سے متعلق معلومات کو محض خفیہ یا حساس قرار دے کر عوام کی رسائی سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ صحافی اور معلومات تک رسائی کے حق کی سرگرم کارکن سعدیہ مظہر کی اپیل منظور کرتے ہوئے کمیشن نے پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر کو حکم نامہ موصول ہونے کے 10 روز کے اندر مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرنے اور اس کی ایک نقل کمیشن میں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ سعدیہ مظہر نے 21 جون 2026 کو معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت درخواست جمع کرائی تھی، جس میں جنوری 2025 سے اب تک بیرونِ ملک ہونے والے سرکاری دوروں سے متعلق درج ذیل معلومات طلب کی گئی تھیں:
– بیرونِ ملک جانے والے افسران اور ملازمین کے نام۔
– غیر ملکی دوروں کے لیے تشکیل دی گئی ٹیموں کی تفصیلات۔
– دوروں کے مقاصد اور تفویض کردہ ذمہ داریاں۔
– پی ٹی وی یا حکومت کی جانب سے ان دوروں پر کیے گئے اخراجات۔
پی ٹی وی کا معلومات فراہم کرنے سے انکار
پی ٹی وی انتظامیہ نے 25 اگست 2026 کو کمیشن میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ مطلوبہ معلومات ادارے کے خفیہ سرکاری ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ادارے کا کہنا تھا کہ ان معلومات کو ظاہر کرنے سے سیکیورٹی، انتظامی معاملات اور اعلیٰ سطح کی سرکاری مصروفیات سے متعلق حساس تفصیلات سامنے آسکتی ہیں۔پی ٹی وی کے مطابق اس کے افسران اور ملازمین کو وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں، بین الاقوامی کانفرنسوں، اہم سرکاری اجلاسوں اور دیگر تقریبات کی کوریج کے لیے بیرونِ ملک بھیجا جاتا ہے۔ادارے نے معلومات تک رسائی کے قانون 2017 کی دفعہ 16 کے تحت استثنا حاصل کرنے کی بھی کوشش کی۔
چیف انفارمیشن کمشنر شعیب احمد صدیقی اور انفارمیشن کمشنر اعجاز حسن اعوان نے فریقین کے دلائل اور متعلقہ قانونی دفعات کا جائزہ لینے کے بعد پی ٹی وی کے اعتراضات مسترد کردیے۔
کمیشن نے اپیل نمبر 5797/2026 میں قرار دیا کہ مطلوبہ معلومات، معلومات تک رسائی کے قانون 2017 کی دفعات 5(g) اور 6(b) کے دائرہ کار میں آتی ہیں۔
کمیشن کے مطابق سرکاری ادارے کے مختص بجٹ سے بیرونِ ملک دوروں پر ہونے والے اخراجات عوامی معلومات کے زمرے میں آتے ہیں۔پی ٹی وی انتظامیہ یہ ثابت کرنے میں بھی ناکام رہی کہ مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرنے سے ادارے کے مالی یا تجارتی مفادات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
پاکستان انفارمیشن کمیشن کا یہ فیصلہ سرکاری اداروں میں مالی شفافیت اور عوامی احتساب کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔فیصلے سے اس اصول کو تقویت ملتی ہے کہ سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق معلومات تک رسائی عوام کا قانونی حق ہے اور کسی معلومات کو خفیہ رکھنے کے لیے متعلقہ قانونی استثنا کا اطلاق ثابت کرنا ضروری ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ پی ٹی وی انتظامیہ مقررہ مدت کے اندر مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرتی ہے یا نہیں۔ تاہم، بیرونِ ملک دوروں پر خرچ ہونے والی مجموعی رقم، دوروں کی تعداد اور ان میں شریک افسران کے نام تاحال سامنے نہیں آئے ہیں۔
44