وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت (فوسپاہ) نے صحافی اور 92 نیوز کے اسائنمنٹ ایڈیٹر عدیل ارشد کے خلاف دائر ہراسانی کی شکایت خارج کردی، فیصلے میں سابقہ منگنی، مالی لین دین، واٹس ایپ پیغامات، سی سی ٹی وی فوٹیج اور گواہوں کے بیانات کو اہم قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان 24 کی رپورٹ کے مطابق خاتون رپورٹر بنام عدیل ارشد و دیگر کے عنوان سے دائر شکایت کا نمبر FOH-HQR-H/0119/2026 تھا، جس پر وفاقی محتسب فوزیہ وقار نے 24 نومبر 2026 کو حتمی حکم جاری کیا۔
رپورٹ کے مطابق خاتون شکایت کنندہ 92 نیوز اسلام آباد میں سینئر رپورٹر کے طور پر کام کر رہی تھیں، جبکہ عدیل ارشد ادارے میں اسائنمنٹ ایڈیٹر کے عہدے پر تعینات تھے۔خاتون شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کی عدیل ارشد سے جون 2024 میں منگنی ہوئی تھی، جو 2025 میں ختم ہوگئی، تاہم منگنی ختم ہونے کے بعد عدیل ارشد نے انہیں مبینہ طور پر کام کی جگہ پر ہراساں کرنا شروع کردیا اور اپنی مرضی کے خلاف شادی کے لیے دباؤ ڈالتے رہے۔شکایت کنندہ نے 26 فروری 2026 کو پیش آنے والے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ عدیل ارشد نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور جسمانی حملہ کیا۔ انہوں نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر رابطے اور تھانہ آبپارہ اسلام آباد میں شکایت درج کرانے کا بھی ذکر کیا تھا۔خاتون نے اپنی شکایت میں 92 نیوز کی انتظامیہ کو بھی فریق بنایا اور الزام عائد کیا کہ ادارے نے معاملے کی غیرجانبدارانہ انکوائری نہیں کی، جبکہ ان کی تنخواہ بھی روک دی گئی تھی۔دوسری جانب عدیل ارشد نے اپنے تحریری جواب میں تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ معاملہ سابقہ منگنی کے خاتمے کے بعد پیدا ہونے والے ذاتی تنازعے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر دستاویزی شواہد کو اپنے دفاع میں پیش کیا۔
81