سائبرسیکورٹی: صحافی اپنے اکاؤنٹس،موبائل کیسے محفوظ رکھیں۔۔ 63

سائبرسیکورٹی: صحافی اپنے اکاؤنٹس،موبائل کیسے محفوظ رکھیں۔۔

تحریر: سید بدر سعید
گزشتہ روزلاہور پریس کلب میں صحافیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور موبائل ہیک ہونے سے بچانے کے لیے "سائبر سکیورٹی" کی ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ اس ورکشاپ میں جن پوائنٹ پر بات ہوئی انہیں مزید آسان اور تفصیل سے لکھ رہا ہوں تاکہ جو ساتھی تشریف نہیں لا سکے انہیں بھی اس کا فائدہ ہو اور جو ساتھی موجود تھے وہ بھی مزید ریویو کر لیں ۔ آپ اس تحریر کو ورکشاپ کے نوٹس سمجھیں ۔۔ میں مزید آسانی کے لیے اسے چند مراحل میں تقسیم کر رہا ہوں تاکہ سب دوست مرحلہ وار سیکھ سکیں اور چیزیں مکس نہ ہوں ۔
پہلا مرحلہ: اپنے اسمارٹ فون کو محفوظ بنائیں
ڈیجیٹل تحفظ کا آغاز اپنے فون سے کریں کیونکہ یہ آپ کی تمام پیشہ ورانہ سرگرمیوں کا مرکز ہے۔ اس کے لیے فون کے آپریٹنگ سسٹم یعنی اینڈرائیڈ یا آئی او ایس اور اس میں انسٹال تمام ایپس کو نئی اپ ڈیٹ آتے ہی فوراً اپ ڈیٹ کر لیں تاکہ پرانی خامیوں کے ذریعے کوئی ہیکر داخل نہ ہو سکے۔ ہر روز فون کو کم از کم ایک بار ری بوٹ یا ری اسٹارٹ کرنے کی عادت ڈالیں کیونکہ اس عمل سے میموری میں چھپے بعض اسپائی ویئر خود بخود صاف ہو جاتے ہیں۔ اسکرین پر پیٹرن لاک استعمال کرنے کے بجائے چھ یا اس سے زیادہ ہندسوں کا مضبوط پن کوڈ لگائیں اور کوئی بھی ایپ صرف آفیشل گوگل پلے اسٹور یا ایپل ایپ اسٹور سے ہی ڈاؤن لوڈ کریں۔ اس کے ساتھ ہی ایپ پرمیشنز کا جائزہ لیتے رہیں کہ کن ایپس کو آپ کے مائیک، کیمرے اور لوکیشن تک رسائی حاصل ہے۔ آئی فون صارفین حساس بیٹس پر کام کرتے ہوئے لاک ڈاؤن موڈ آن رکھیں جبکہ ہر فون میں فائنڈ مائی ڈیوائس اور ریموٹ وائپ کا فیچر فعال ہونا چاہیے تاکہ فون گم ہونے پر دور بیٹھے ڈیٹا مٹایا جا سکے۔ دفتری کام کے لیے عوامی وائی فائی استعمال کرنے سے مکمل گریز کریں اور ہمیشہ اپنا موبائل ڈیٹا استعمال کریں۔
دوسرا مرحلہ: اپنے اکاؤنٹس کو لاک ڈاؤن کریں
فون محفوظ کرنے کے بعد اپنے سوشل میڈیا، ای میل اور میسجنگ اکاؤنٹس کی سیکیورٹی مضبوط کریں۔ سادہ پاس ورڈز کے بجائے طویل پاس فریز یعنی جملوں کی صورت میں پاس ورڈ بنائیں اور انہیں محفوظ رکھنے کے لیے بٹ وارڈن پاس ورڈ مینیجر (bitwarden.com) کا سہارا لیں۔ اپنا ای میل پاس ورڈ کبھی کسی دوسری ویب سائٹ پر دوبارہ استعمال نہ کریں۔ تمام اکاؤنٹس پر دو مرحلہ وار تصدیق یعنی 2FA لازمی آن کریں اور ایس ایم ایس کوڈز کے بجائے گوگل آتھینٹیکیٹر، مائیکروسافٹ آتھینٹیکیٹر یا پاس کیز کو ترجیح دیں۔ واٹس ایپ کے تحفظ کے لیے سیٹنگز میں جا کر اکاؤنٹ اور پھر ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کے ذریعے چھ ہندسوں کا پن لگائیں اور یہ کوڈ کسی کو نہ بتائیں۔ وقتاً فوقتاً واٹس ایپ کے لنکڈ ڈیوائسز سیکشن، فیس بک اور جی میل کے لاگ ان سیشنز چیک کریں اور جہاں کوئی نامعلوم ڈیوائس دکھائی دے اسے فوراً لاگ آؤٹ کر دیں۔ اپنے اکاؤنٹس میں ریکوری کے لیے متبادل ای میل اور فون نمبر اپ ڈیٹ رکھیں اور ادارے کے آفیشل پیجز کا پاس ورڈ سب کو بانٹنے کے بجائے پیج رولز کے ذریعے محدود افراد کو رسائی دیں۔
تیسرا مرحلہ: فشنگ اور جعلی لنکس کے جال کو پہچانیں
اکاؤنٹس کی سیکیورٹی کے بعد اگلا قدم ہیکرز کے بچھائے گئے جال یعنی فشنگ کو پہچاننا ہے جس کی چھ واضح علامات ہوتی ہیں۔
پہلی نشانی غیر ضروری جلد بازی یا خوف دلانا ہے جیسے یہ پیغام ملنا کہ آپ کا اکاؤنٹ ایک گھنٹے میں بلاک ہو جائے گا۔
دوسری نشانی اصلی ویب سائٹ سے ملتا جلتا جعلی ایڈریس ہے مثلاً dawn.com کی جگہ dawn-news.co یا geo.tv کی جگہ کوئی مشکوک ڈومین استعمال کرنا۔
تیسری علامت کوڈ یا او ٹی پی مانگنا ہے۔ چاہے کال یا میسج کسی دوست کے نمبر سے آئے یا کوئی خود کو پی ٹی اے کا نمائندہ بتا کر سم کی تصدیق کے لیے چھ ہندسوں کا کوڈ مانگے ۔ یہ ہمیشہ دھوکہ ہوتا ہے۔
چوتھی علامت تجسس پیدا کرنے والے ذاتی پیغامات ہیں جن میں پوچھا جاتا ہے کہ کیا یہ آپ کی اسٹوری کے بارے میں ہے یا کسی ساتھی کے نمبر سے پیغام آتا ہے کہ سر اپنی یہ ویڈیو دیکھیں اور ساتھ لنک لگا ہوتا ہے۔
پانچویں علامت واٹس ایپ پر آنے والی .apk یا .exe فائلیں ہیں جنہیں دھوکہ دینے کے لیے ویڈیو یا document.pdf.apk کا نام دیا جاتا ہے۔
چھٹی نشانی مختصر یا عجیب لنکس ہیں جیسے bit.ly لنکس، غیر مصدقہ کیو آر کوڈز یا غلط ہجے والے ڈومین نام۔ کوئی بھی مشکوک لنک یا فائل کھولنے سے پہلے اسے وائرس ٹوٹل (virustotal.com) پر ضرور چیک کریں۔
چوتھا مرحلہ: اپنے سورس کی حفاظت کریں
بطور صحافی آپ کے فون میں ہر اس شخص کی معلومات ہوتی ہیں جس نے آپ پر اعتماد کیا اور اس کی حفاظت صحافتی اخلاقیات کا حصہ ہے۔ حساس ذرائع سے رابطے کے لیے عام فون کالز اور ایس ایم ایس کے بجائے سگنل ایپ (signal.org) استعمال کریں اور اس میں خود بخود مٹ جانے والے پیغامات آن رکھیں۔ حساس نوعیت کی رپورٹنگ کے لیے ذاتی فون استعمال کرنے کے بجائے ایک الگ فون اور الگ سم نمبر رکھیں۔ کوئی بھی تصویر شیئر کرنے سے پہلے اس کا لوکیشن اور کیمرہ ڈیٹا یعنی ایگزِف ڈیٹا ختم کر دیں تاکہ مقام ظاہر نہ ہو۔ اپنے لیپ ٹاپ کو انکرپٹ کریں اور بیک اپ بھی کسی انکرپٹڈ ڈرائیو پر ہی محفوظ کریں۔ اس کے علاوہ اپنے ذرائع کے اصل نام فون کی کانٹیکٹ لسٹ یا چیٹ کے عنوانات میں واضح طور پر محفوظ نہ کریں۔
پانچواں مرحلہ: خبر شائع کرنے سے پہلے تصدیق کریں
معلومات محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی مواد کو نشر یا شائع کرنے سے پہلے اس کی تصدیق لازمی کریں کیونکہ مصنوعی ذہانت سے بنی جعلی ویڈیوز یعنی ڈیپ فیک عام ہو چکی ہیں۔ 2025 کے وسط میں کئی پاکستانی نشریاتی اداروں نے بھی غلطی سے ایک اسرائیلی اسٹوڈیو پر حملے کی اے آئی سے تیار کردہ جعلی فوٹیج نشر کر دی تھی۔ ڈیپ فیک کو پہچاننے کے لیے دیکھیں کہ ہونٹوں کی حرکت آواز سے مطابقت رکھتی ہے یا نہیں، آواز سپاٹ اور روبوٹک تو نہیں، پلکیں جھپکنے کا انداز غیر فطری تو نہیں اور چہرے کے کنارے دھندلے تو نہیں دکھائی دے رہے۔ اسکرین پر بے معنی تحریر یا آپس میں نہ ملنے والے لوگو بھی جعلی ویڈیو کی نشاندہی کرتے ہیں۔ تصدیق کے لیے سب سے پہلے ویڈیو کا اصل ماخذ اور تاریخ تلاش کریں اور اہم فریمز کی ریورس امیج سرچ کریں جس کے لیے گوگل لینز (lens.google)، ٹن آئی (tineye.com) اور ان وِڈ-وی ویریفائی پلگ ان (weverify.eu/verification-plugin) بہترین ٹولز ہیں۔
اس کے علاوہ سوچ، جیو فیکٹ چیک اور آئی ویریفائی جیسے فیکٹ چیکرز سے رجوع کریں اور ممکن ہو تو ویڈیو میں نظر آنے والے شخص سے براہِ راست رابطہ کر کے تصدیق کریں۔
چھٹا مرحلہ: پانچ منٹ کا فوری عملی چیک اپ اور اضافی ٹولز
ان تمام اصولوں پر عمل درآمد کا آغاز آپ ابھی پانچ منٹ میں کر سکتے ہیں۔ سب سے پہلے واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر ٹو اسٹیپ ویریفکیشن آن کریں اور لنکڈ ڈیوائسز سے نامعلوم ڈیوائسز ہٹا دیں۔
اس کے بعد ویب سائٹ haveibeenpwned.com پر جا کر چیک کریں کہ آیا آپ کا ای میل لیک ہوا ہے یا نہیں اور پھر
[myaccount.google.com/security-checkup](https://myaccount.google.com/security-checkup)
کھول کر اپنا گوگل سیکیورٹی چیک اپ مکمل کریں۔
پانچویں کام کے طور پر فون کی سیٹنگز کے سسٹم یا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ سیکشن میں جا کر تمام زیرِ التواء اپ ڈیٹس انسٹال کر لیں۔ اگر کبھی فون میں اسپائی ویئر کا شبہ ہو یا ہنگامی ڈیجیٹل مدد چاہیے ہو تو ایمنسٹی ایم وی ٹی (mvt.re) اور ایکسیس ناؤ ڈیجیٹل سیکیورٹی ہیلپ لائن (accessnow.org/help) سے مدد لیں۔ اسی طرح ڈروف سیکیورٹی (drofsecurity.com) ایک ہمہ جہت سائبر سیفٹی پلیٹ فارم ہے جہاں آپ ڈارک ویب پر ڈیٹا لیک چیک کر سکتے ہیں، مشکوک لنکس اور ایپس کی جانچ کر سکتے ہیں، اے آئی سیکیورٹی اسسٹنٹ سے سادہ الفاظ میں مشورہ لے سکتے ہیں، او ایس انٹ کے ذریعے اپنی عوامی سطح پر منکشف ذاتی معلومات دیکھ سکتے ہیں اور نیوز رومز کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی رپورٹس سمیت [drofsecurity.com/mall](https://drofsecurity.com/mall)
سے مستند سیکیورٹی ہارڈویئر بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ (سید بدرسعید)۔۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں