nasar ullah chaudhary ki apeal

سینئر صحافی ممنوع لٹریچر کیس سے باعزت بری۔۔

سندھ ہائیکورٹ نے ممنوع لٹریچر رکھنے سے متعلق کیس میں سینئر صحافی اور کراچی پریس کلب کے رکن نصر اللہ چوہدری کو باعزت بری کردیا۔خیال رہے کہ 26 دسمبر 2019 کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے ممنوع لٹریچر رکھنے کے الزام میں نصراللہ چوہدری کو 5 سال قید، 10 ہزار روپے جرمانے جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مزید ایک ماہ کی سزا کا حکم دیا تھا۔تاہم 30 نومبر کو سینئر صحافی اور اردو اخبار ‘نئی بات’ سے منسلک رہنے والے نصراللہ چوہدری نے کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (کی جانب سے سنائی گئی 5 سال قید کی سزا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی۔اپیل میں موقف اختیار کیا گیا تھا استغاثہ اپنا کیس ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا اور ان کے خلاف ممنوع لٹریچر سے متعلق کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے، مزید یہ کہ ان کی گرفتار ی اور غیر قانونی حراست پر نہ صرف ملکی بلکہ عالمی میڈیا پر نشر ہونے والی خبریں ریکارڈ کا حصہ ہیں اور عدالت نے ان کی غیر قانونی حراست کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے سزا سنائی۔مذکورہ درخواست پر  عدالت عالیہ میں سماعت ہوئی جہاں سینئر صحافی نصر اللہ چوہدری کی جانب سے محمد فاروق ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور دلائل دیے۔بعد ازاں اس مختصر سی سماعت کے بعد عدالت عالیہ نے ممنوع لٹریچر کیس میں سینئر صحافی نصر اللہ چوہدری کو باعزت بری کردیا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں