قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کو نجی تصاویر کو جعلی طریقے سے ایڈٹ کرکے بلیک میل کیا جا رہا ہے جس کے خلاف انہوں نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو درخواست دے دی ہے۔سلمان بٹ نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ کوئی ان کی تصاویر کو غلط طریقے سے ایڈٹ کرکے انہیں بلیک میل کر رہا ہے۔ ان کی یہ تصاویر ٹریننگ کے بعد کی تھیں جو انہوں نے خود سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔سلمان بٹ کی جانب سے اپنا مسئلہ بیان کرنے پر ترجمان پنجاب حکومت عثمان سعید بسرا نے انہیں ایف آئی اے کو درخواست دینے کی ہدایت کی ۔ سلمان بٹ نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو دی گئی درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ بلیک میلرز کی جانب سے انہیں 900 ڈالرز اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا کہا جا رہا ہے۔ دوسری جانب سائبر کرائم ونگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف اقبال چوہدری کا کہنا ہے کہ تصاویر کے ساتھ ایسی چھیڑ چھاڑ کرکے انہیں فحش رنگ دینے کا کام فلپائن اور موروکو میں بہت زیادہ ہو رہا ہے۔ اگرچہ آپ مرد بھی ہیں تب بھی اپنی کوئی ایسی تصویر سوشل میڈیا پر نہ لگائیں جس میں آپ نے قمیض نہ پہنی ہوئی ہو۔ کیونکہ بعد میں آپ کی شرٹ لیس تصاویر کو نازیبا مواد پر مبنی ویڈیوز کے ساتھ اس طریقے سے جوڑ دیا جاتا ہے کہ حقیقت کا گمان ہوتا ہے۔
سلمان بٹ بلیک میلنگ کا شکار، ایف آئی اے سے رابطہ۔۔
Facebook Comments