اداکارہ مدیحہ رضوی نے انکشاف کیا ہے کہ آج کل ڈراموں میں جوان ماں چاہیے اور انہیں زیادہ تر ماں کے کردار کی ہی پیشکش کی جاتی ہے۔مدیحہ رضوی نے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی جہاں ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ان کی والدہ دیبا ایک نامور اداکارہ ہیں، اس لیے وہ ان کے بچپن میں بہت زیادہ مصروف رہتی تھیں اور کبھی کبھار انہیں اپنی والدہ سے ملاقات کیے کئی کئی دن گزر جاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ کام کی مصروفیت کی وجہ سے والدہ کے پاس انہیں دینے کے لیے بہت کم وقت ہوتا تھا، والدہ سے دوری انہیں بہت بری لگتی تھی اور اسی وجہ سے بچپن میں شوبز بھی انہیں برا لگتا تھا، لیکن بڑے ہو کر حالات تبدیل ہوگئے۔ مدیحہ رضوی کے مطابق انہوں نے شوبز میں والدہ کی وجہ سے کبھی بھی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی، بلکہ کافی سال تک بہت محنت کی اور جب کچھ پروجیکٹس کامیاب ہوگئے تو پھر لوگوں کو بتایا کہ ان کی والدہ دیبا جی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں جب وہ کام کے سلسلے میں رہتی تھیں تو کئی بار ان کے پاس کھانے کے لیے پیسے بھی نہیں ہوتے تھے، وہ گھر والوں سے اس لیے پیسے نہیں مانگتی تھیں کیونکہ وہ انہیں واپس بلا لیتے، اسی لیے کئی بار وہ دن میں تین وقت بازار میں دستیاب فروٹ بن ہی کھایا کرتی تھیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ڈراموں میں ماں کا کردار نبھانا بالکل بھی پسند نہیں، کیونکہ ماں کا کوئی کام نہیں ہوتا، بس وہ اولاد کی وجہ سے کبھی رو رہی ہوتی ہیں، کبھی کچھ کر رہی ہوتی ہیں اور آج کل انہیں زیادہ تر ماؤں کے کردار کی ہی پیشکش آ رہی ہے، کہا جاتا ہے کہ ہمیں جوان ماں چاہیے۔
کراچی میں کئی بارکھانے کے پیسے نہیں ہوتے تھے، اداکارہ مدیحہ رضوی۔۔
Facebook Comments
