سوشل میڈیا کی لازمی رجسٹریشن، آزاد صحافت سے متعلق خدشات بڑھ گئے 26

سوشل میڈیا کی لازمی رجسٹریشن، آزاد صحافت سے متعلق خدشات بڑھ گئے

خصوصی رپورٹ۔۔۔
وفاقی حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز،آن لائن اسٹریمنگ سروسز اور بڑے ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹرز کی لازمی رجسٹریشن کے منصوبے نے پاکستان میں آزاد ڈیجیٹل صحافت، آزادی اظہار اور آن لائن میڈیا کی خودمختاری سے متعلق نئے خدشات کو جنم دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 24 نومبر 2026 کو اسلام آباد میں مجوزہ ریگولیٹری نظام کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں، اوور دی ٹاپ (او ٹی ٹی) سروسز اور بڑے کانٹینٹ کری ایٹرز کو سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (ایس ایم پی آر اے) کے ساتھ رجسٹر ہونا ہوگا۔
حکومت سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان میں بااختیار مقامی نمائندے مقرر کرنے کا پابند بنانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے، تاکہ قابل اعتراض اور غیرقانونی مواد سے متعلق شکایات پر مؤثر کارروائی یقینی بنائی جاسکے۔ محسن نقوی نے یہ اعلان پائیدار ترقی کے پالیسی ادارے (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کا موضوع سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور مابعد حقیقت کا دور تھا۔ سیمینار میں میٹا اور ٹک ٹاک کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
حکومت نے سوشل میڈیا کے لیے چار ریڈ لائنز مقرر کردیں
وفاقی وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا پر چار ایسے معاملات کی نشاندہی کی جن پر حکومت کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ ان میں دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر، تشدد پر اکسانا اور بچوں کا جنسی استحصال شامل ہیں۔محسن نقوی کے مطابق پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے محکموں کی جانب سے سوشل میڈیا کمپنیوں کو بھیجی جانے والی درخواستوں میں سے صرف 47 فیصد پر کارروائی کی جاتی ہے۔ تاہم انہوں نے ان درخواستوں کی مجموعی تعداد اور متعلقہ مدت کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد آزادی اظہار پر پابندی لگانا نہیں بلکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو جوابدہ بنانا ہے۔ صحافیوں کو رپورٹنگ، شہریوں کو حکومت پر تنقید اور اختلاف رائے کے اظہار کی آزادی ہونی چاہیے۔
آزاد صحافیوں اور یوٹیوبرز کے لیے نئے مسائل کا خدشہ
جرنلزم پاکستان‘ نے ایک رپورٹ میں مجوزہ رجسٹریشن نظام کے آزاد صحافت پر ممکنہ اثرات سے متعلق اہم سوالات اٹھائے ہیں۔
پاکستان میں روایتی میڈیا اداروں کو درپیش مالی بحران، ملازمین کی برطرفیوں اور نیوز رومز کی بندش کے بعد بڑی تعداد میں صحافیوں نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا رخ کیا ہے۔
متعدد صحافی یوٹیوب چینلز، فیس بک پیجز، نیوز ویب سائٹس اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے آزادانہ صحافت کررہے ہیں۔ ڈیجیٹل میڈیا نہ صرف ان صحافیوں کے لیے اظہار رائے کا ذریعہ ہے بلکہ ان کے روزگار اور معاشی بقا کے لیے بھی اہمیت اختیار کرچکا ہے۔
ایسے میں لازمی رجسٹریشن کی شرط آزاد صحافیوں کے لیے اضافی انتظامی اور قانونی مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔
بڑے کانٹینٹ کری ایٹرز کا تعین کیسے ہوگا؟
حکومت کی جانب سے مجوزہ رجسٹریشن نظام کے حوالے سے اب تک کئی اہم سوالات کے جوابات سامنے نہیں آئے، جن میں درج ذیل معاملات شامل ہیں:
– بڑے کانٹینٹ کری ایٹرز کا تعین کس بنیاد پر کیا جائے گا؟
– کیا فالوورز اور سبسکرائبرز کی تعداد رجسٹریشن کا معیار ہوگی؟
– کیا انفرادی طور پر کام کرنے والے صحافیوں کو بھی رجسٹریشن کروانا ہوگی؟
– کیا ڈیجیٹل نیوز ویب سائٹس اور یوٹیوب نیوز چینلز کے لیے الگ قواعد ہوں گے؟
– کیا رجسٹریشن کے بغیر خبریں نشر کرنے کی اجازت ہوگی؟
– کیا اتھارٹی کو کسی صحافی یا ڈیجیٹل میڈیا ادارے کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا اختیار حاصل ہوگا؟
– رجسٹریشن مسترد ہونے کی صورت میں اپیل کا طریقہ کار کیا ہوگا؟
ابھی یہ واضح نہیں کہ رجسٹریشن محض ایک انتظامی کارروائی ہوگی یا اسے ڈیجیٹل میڈیا پر کام کرنے کی پیشگی اجازت سے مشروط کردیا جائے گا۔
پیکا قانون اور سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی
سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی قانونی بنیاد جنوری 2025 میں انسداد الیکٹرانک جرائم ایکٹ (پیکا) میں کی جانے والی ترامیم کے ذریعے فراہم کی گئی تھی۔
اتھارٹی کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی رجسٹریشن اور قانون کے تحت غیرقانونی قرار دیے گئے آن لائن مواد کو ہٹانے یا بلاک کرنے سے متعلق اختیارات دیے گئے ہیں۔ حکومت نے مارچ 2026 میں اتھارٹی کے پہلے سربراہ کا تقرر کیا تھا۔
پاکستان میں صحافتی تنظیمیں اور انسانی حقوق کے ادارے اس سے قبل بھی پیکا قانون کی بعض دفعات پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔ ان کا مؤقف رہا ہے کہ مبہم قانونی اصطلاحات کے ذریعے جائز سیاسی تنقید، تحقیقاتی صحافت اور اختلاف رائے کو نشانہ بنائے جانے کا خدشہ موجود ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بندش آخری اقدام ہوگا
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کے خلاف کارروائی مرحلہ وار کی جائے گی۔ ابتدائی طور پر متعلقہ کمپنیوں سے رابطہ کیا جائے گا، جس کے بعد باضابطہ نوٹس اور جرمانوں سمیت دیگر اقدامات کیے جاسکیں گے۔
کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو مکمل طور پر بلاک کرنے کا فیصلہ آخری اقدام کے طور پر کیا جائے گا۔
حکومت این سی سی آئی اے سے متعلق شکایات کو نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ پر منتقل کرنے کا منصوبہ بھی رکھتی ہے، جبکہ ریگولیٹری اتھارٹی شکایات کی نگرانی کے لیے ایک مرکزی نظام تیار کررہی ہے، جس کے ذریعے شہری اپنی شکایات پر ہونے والی پیش رفت معلوم کرسکیں گے۔
آزادی اظہار اور شہریوں کے تحفظ میں توازن ضروری ہے، وزیر قانون
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اسی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صحافیوں، ماہرین اور بین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے 18 ماہ کی مشاورت کے بعد سوشل میڈیا سے متعلق قانونی نظام میں اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار، معلومات تک رسائی، شہریوں کی نجی زندگی، عزت اور وقار کے تحفظ کے درمیان آئینی توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے بھی سوشل میڈیا کمپنیوں کے احتساب کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جائز اختلاف رائے، سیاسی تنقید اور آزاد صحافت کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔
کیا ڈیجیٹل صحافت بھی لائسنسنگ نظام کی زد میں آجائے گی؟
پاکستان میں روایتی ٹیلی ویژن چینلز پہلے ہی پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے لائسنسنگ اور ضابطہ اخلاق کے نظام کے تحت کام کرتے ہیں۔تاہم ڈیجیٹل میڈیا نے صحافیوں کو روایتی نشریاتی اداروں سے باہر کام کرنے اور براہ راست عوام تک معلومات پہنچانے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔اگر مجوزہ رجسٹریشن نظام کو سخت شرائط یا پیشگی حکومتی منظوری سے مشروط کیا جاتا ہے تو اس کے نتیجے میں آزاد ڈیجیٹل صحافت کا دائرہ محدود ہونے، صحافیوں میں خودساختہ سنسرشپ بڑھنے اور نئے ڈیجیٹل میڈیا اداروں کے قیام میں رکاوٹیں پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
اس حوالے سے ضروری ہوگا کہ حکومت سوشل میڈیا انفلوئنسرز، تفریحی کانٹینٹ کری ایٹرز، آزاد صحافیوں اور پیشہ ورانہ ڈیجیٹل نیوز اداروں کے درمیان واضح فرق متعین کرے۔
شفاف پالیسی اور صحافتی آزادی کے تحفظ کی ضرورت
سوشل میڈیا پر دہشت گردی، نفرت انگیز مواد، آن لائن ہراسگی اور بچوں کے استحصال کی روک تھام ایک اہم ضرورت ہے، تاہم اس مقصد کے لیے متعارف کروائے جانے والے قوانین کو جائز صحافتی سرگرمیوں اور اختلاف رائے میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔
مجوزہ رجسٹریشن نظام کے آزاد صحافت پر حقیقی اثرات کا اندازہ اس کے حتمی قواعد و ضوابط، قانونی تحفظات، اپیل کے طریقہ کار اور عملی نفاذ کے بعد ہی لگایا جاسکے گا۔تاحال حکومت نے بڑے کانٹینٹ کری ایٹرز کی تعریف، رجسٹریشن کی آخری تاریخ اور آزاد صحافیوں کے لیے مخصوص شرائط کا اعلان نہیں کیا ہے۔(خصوصی رپورٹ)۔۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں