خصوصی رپورٹ۔۔۔
پاکستان میں سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال اور سائبر کرائم سے متعلق قوانین کے نفاذ کے باعث صحافیوں، ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ افراد، یوٹیوبرز اور عام شہریوں کے لیے اپنے قانونی حقوق اور ذمہ داریوں سے آگاہ ہونا ضروری ہوگیا ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے نوٹس موصول ہونے کی صورت میں شہریوں کو کیا اقدامات کرنے چاہئیں، تفتیش کے دوران ان کے کیا حقوق ہیں اور کن حالات میں گرفتاری یا ڈیجیٹل آلات کی ضبطی ممکن ہے؟
جرنلزم پاکستان نےاس حوالے سے ایک تفصیلی رہنما رپورٹ شائع کی ہے، جس میں بالخصوص صحافیوں کو قانونی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این سی سی آئی اے کیا ہے؟
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی وفاقی حکومت کا تحقیقاتی ادارہ ہے، جو انسداد الیکٹرانک جرائم ایکٹ 2016 (پیکا) اور اس میں 2025 میں کی گئی ترامیم کے تحت سائبر جرائم کی تحقیقات کرتا ہے۔اس ادارے کے دائرہ اختیار میں آن لائن فراڈ، سائبر ہراسگی، شناخت کی چوری، ہیکنگ، الیکٹرانک جعل سازی اور قانون کے تحت قابلِ کارروائی جعلی معلومات کی اشاعت سمیت مختلف نوعیت کے ڈیجیٹل جرائم شامل ہیں۔
کیا نوٹس موصول ہونے کا مطلب مقدمہ درج ہونا ہے؟
این سی سی آئی اے کی جانب سے نوٹس موصول ہونے کا لازمی مطلب یہ نہیں کہ متعلقہ شخص کے خلاف مقدمہ درج ہوچکا ہے یا وہ کسی جرم کا مرتکب قرار پایا ہے۔ تحقیقاتی ادارہ کسی شکایت کی ابتدائی جانچ پڑتال، معلومات کے حصول، بیان ریکارڈ کرنے یا کسی معاملے کی تحقیقات کے لیے بھی شہریوں کو طلب کرسکتا ہے۔ تاہم قانونی طور پر جاری کیے گئے نوٹس کو نظرانداز کرنا مناسب نہیں اور اس کے ممکنہ قانونی نتائج بھی ہوسکتے ہیں۔
نوٹس موصول ہونے پر سب سے پہلے کیا کریں؟
نوٹس کی اصلیت اور قانونی حیثیت کی تصدیق کی جائے۔ شہری بالخصوص درج ذیل معلومات کا جائزہ لیں:
– انکوائری یا ایف آئی آر نمبر۔
– تفتیشی افسر کا نام اور عہدہ۔
– نوٹس میں درج قانونی دفعات۔
– پیشی کی تاریخ، وقت اور مقام۔
– الزامات کی نوعیت اور طلب کردہ دستاویزات۔
– نوٹس جاری کرنے والے دفتر کی تفصیلات۔
نوٹس کی ایک نقل اپنے پاس محفوظ رکھیں اور سائبر کرائم یا فوجداری قوانین کے ماہر وکیل سے مشاورت کریں۔ اگر نوٹس کی اصلیت پر شبہ ہو تو این سی سی آئی اے کے سرکاری ذرائع سے تصدیق کروائیں۔
کیا شہری الزامات کی تفصیلات طلب کرسکتے ہیں؟
نوٹس وصول کرنے والا شخص اپنے وکیل کے ذریعے الزامات کی نوعیت، انکوائری کے مقصد اور متعلقہ مواد کے بارے میں وضاحت طلب کرسکتا ہے۔اگر نوٹس میں کسی خبر، ویڈیو، سوشل میڈیا پوسٹ یا آن لائن تبصرے کا حوالہ دیا گیا ہے تو اس کی اصل نقل، اشاعت کی تاریخ اور متعلقہ شواہد محفوظ کرلینے چاہئیں۔ اگر مقررہ تاریخ پر پیش ہونا ممکن نہ ہو تو وکیل کے ذریعے تحریری درخواست دے کر مہلت طلب کی جاسکتی ہے، تاہم مہلت کی منظوری کے بغیر پیشی سے غیر حاضر نہیں ہونا چاہیے۔
کیا این سی سی آئی اے گرفتار کرسکتی ہے؟
این سی سی آئی اے قانون کے تحت گرفتاری کا اختیار رکھتی ہے، تاہم ہر نوٹس کا نتیجہ گرفتاری نہیں ہوتا۔ گرفتاری کا انحصار مبینہ جرم کی نوعیت، قانونی دفعات اور مقدمے کے حالات پر ہوتا ہے۔
آئین پاکستان کے آرٹیکل 10 کے تحت گرفتار شخص کو گرفتاری کی وجوہات سے آگاہ کرنے اور اپنی پسند کے وکیل سے مشاورت کا حق حاصل ہے۔عام فوجداری گرفتاری کی صورت میں گرفتار شخص کو سفری وقت کے علاوہ 24 گھنٹوں کے اندر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنا ضروری ہے۔
اگر گرفتاری کا خدشہ ہو تو متعلقہ شخص اپنے وکیل سے قبل از گرفتاری ضمانت کے امکانات پر مشاورت کرسکتا ہے۔
کیا موبائل فون اور لیپ ٹاپ ضبط کیے جاسکتے ہیں؟
انسداد الیکٹرانک جرائم ایکٹ کی دفعہ 33 کے تحت متعلقہ عدالت ڈیجیٹل آلات کی تلاشی اور ضبطی کے لیے وارنٹ جاری کرسکتی ہے، جبکہ بعض مخصوص ہنگامی حالات میں قانون وارنٹ کے بغیر کارروائی کی بھی اجازت دیتا ہے۔اگر تفتیشی حکام موبائل فون، لیپ ٹاپ یا دیگر ڈیجیٹل آلات تحویل میں لیتے ہیں تو متعلقہ قانونی حکم اور ضبط شدہ سامان کی تحریری رسید طلب کی جانی چاہیے۔
پاس ورڈ یا ذاتی ڈیٹا تک رسائی فراہم کرنے سے پہلے قانونی مشاورت حاصل کرنی چاہیے، کیونکہ پیکا کی دفعات 34 اور 35 کے تحت مخصوص حالات میں حکام کو ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کے قانونی اختیارات بھی حاصل ہیں۔
سوشل میڈیا پوسٹس اور پیغامات حذف نہ کریں
نوٹس موصول ہونے کے بعد متعلقہ سوشل میڈیا پوسٹس، ویڈیوز، ای میلز، واٹس ایپ پیغامات یا دیگر ڈیجیٹل ریکارڈ حذف کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
ڈیجیٹل شواہد کو ضائع کرنا قانونی مشکلات میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ یہی ریکارڈ متعلقہ شخص کے دفاع میں بھی اہم ثابت ہوسکتا ہے۔
متعلقہ مواد کا بیک اپ محفوظ رکھا جائے اور اصل ریکارڈ میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کی جائے۔
صحافیوں کو کیا خصوصی احتیاط کرنی چاہیے؟
این سی سی آئی اے کا نوٹس موصول ہونے پر صحافیوں کو اپنے ایڈیٹر، نیوز روم یا ادارے کی انتظامیہ کو فوری طور پر آگاہ کرنا چاہیے۔ آزاد صحافی متعلقہ پریس کلب، صحافتی یونین اور صحافیوں کو قانونی معاونت فراہم کرنے والی تنظیموں سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ خبر کی تیاری کے دوران حاصل کی گئی دستاویزات، آڈیو ریکارڈنگ، انٹرویوز اور دیگر شواہد محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ صحافتی ذرائع کی شناخت ظاہر کرنے سے متعلق کسی بھی مطالبے پر قانونی مشاورت حاصل کی جانی چاہیے۔
آئین پاکستان شہریوں کو کیا تحفظ فراہم کرتا ہے؟
آئین پاکستان میں شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے متعدد دفعات موجود ہیں، جن میں آرٹیکل 10 کے تحت گرفتاری اور حراست سے متعلق تحفظ، آرٹیکل 10 اے کے تحت منصفانہ سماعت، آرٹیکل 13 کے تحت ملزم کو اپنے خلاف گواہی دینے پر مجبور نہ کرنے کا تحفظ اور آرٹیکل 14 کے تحت انسانی وقار اور گھر کی رازداری کا تحفظ شامل ہے۔
اسی طرح آرٹیکل 19 آئین میں درج قانونی پابندیوں کے تحت آزادی اظہار اور آزادی صحافت کا حق فراہم کرتا ہے۔
اگر کسی شہری کو محسوس ہو کہ اسے غیرقانونی طور پر ہراساں کیا جارہا ہے یا تحقیقاتی ادارہ اپنے قانونی اختیارات سے تجاوز کررہا ہے تو وہ اپنے وکیل کے ذریعے متعلقہ عدالت سے رجوع کرسکتا ہے۔
جعلی نوٹس اور فراڈ سے کیسے بچیں؟
سائبر جرائم کی تحقیقات کے نام پر دھوکا دہی کا خدشہ بھی موجود رہتا ہے۔ کسی نامعلوم شخص کو بینک اکاؤنٹ کی معلومات، او ٹی پی کوڈ یا رقم فراہم نہیں کرنی چاہیے۔
شہری این سی سی آئی اے کی سرکاری ویب سائٹ www.nccia.gov.pk یا ہیلپ لائن 1799 کے ذریعے متعلقہ دفتر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
قانونی کارروائی سے گھبرانے کے بجائے قانون کا سہارا لیں
این سی سی آئی اے کا نوٹس موصول ہونا بذاتِ خود جرم ثابت ہونے کے مترادف نہیں۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ قانونی کارروائی میں تعاون کریں، اپنے بنیادی حقوق سے آگاہ رہیں، متعلقہ شواہد محفوظ رکھیں اور کسی بھی تحریری یا زبانی بیان سے قبل مناسب قانونی مشاورت حاصل کریں۔
خصوصاً صحافیوں اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ افراد کے لیے سائبر کرائم قوانین سے واقفیت اب محض پیشہ ورانہ ضرورت نہیں بلکہ قانونی تحفظ کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔(خصوصی رپورٹ)۔۔
70