وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے صحافی اور وی لاگر انیق ناجی کے خلاف بیرون ملک ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے بیرون ملک مقیم وکلاء سے قانونی مشاورت کا عمل جاری ہے۔انیق ناجی نے اپنے حالیہ وی لاگ میں پنجاب حکومت، صوبائی وزیر اطلاعات اور محکمہ اطلاعات کے مالی معاملات، بالخصوص سرکاری اشتہارات کی مد میں مختص فنڈز اور ان کے استعمال سے متعلق مختلف دعوے کیے تھے۔انیق ناجی کے وی لاگ کے 25 نومبر کو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اقتباسات میں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے درمیان ایک مبینہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے سرکاری اشتہارات کی مد میں 15 ارب روپے کے فنڈز سے متعلق سوالات اٹھائے تھے۔انیق ناجی نے محکمہ اطلاعات کے مالی معاملات کی مزید تحقیقات اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تھا۔ تاہم ان کے ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ عظمیٰ بخاری کی جانب سے مجوزہ قانونی کارروائی کے حوالے سے تاحال یہ واضح نہیں کہ ہتک عزت کا دعویٰ کس ملک اور کس عدالت میں دائر کیا جائے گا، جبکہ مجوزہ ہرجانے کی رقم سے متعلق تفصیلات بھی سامنے نہیں آئی ہیں۔
واضح رہے کہ عظمیٰ بخاری اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر اپنے خلاف مبینہ ہتک آمیز مواد کی اشاعت پر قانونی کارروائی کرچکی ہیں۔رواں سال 19 اگست کو انہوں نے صحافی طارق متین اور شہباز گل کے خلاف پنجاب ڈیفیمیشن ایکٹ 2024 کی دفعہ 11 کے تحت ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا، جس میں مبینہ ہتک آمیز مواد ہٹانے، ہرجانے اور دیگر قانونی ریلیف کی استدعا کی گئی تھی۔ انیق ناجی کے خلاف مجوزہ قانونی کارروائی کے حوالے سے ان کا باضابطہ ردعمل بھی تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔
55