آزادیِ صحافت اور ہماری قومی ذمہ داری 76

آزادیِ صحافت اور ہماری قومی ذمہ داری

تحریر: اعظم الفت
کیا آزادیِ صحافت صرف اس وقت اہم ہوتی ہے جب کوئی سیاسی جماعت اقتدار سے باہر ہو، یا یہ جمہوریت کی ایسی بنیادی ضرورت ہے. جس کا تحفظ حکومت اور اپوزیشن دونوں کی یکساں ذمہ داری ہے؟ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو ایک حقیقت بار بار سامنے آتی ہے کہ اقتدار میں بیٹھنے والے اکثر آزادیِ اظہار کے مطالبے کو اپنے سیاسی مفاد کے مطابق دیکھتے ہیں۔ اپوزیشن میں ہوں تو آزاد صحافت جمہوریت کی ضمانت دکھائی دیتی ہے، لیکن اقتدار ملتے ہی اسی آزاد آواز کو ضابطوں، قوانین اور پابندیوں کے ذریعے محدود کرنے کی کوششیں شروع ہو جاتی ہیں۔ یہی تضاد پاکستان میں آزادیِ صحافت کے بنیادی مسائل میں سے ایک ہے۔
کوئٹہ پریس کلب میں آزادیِ صحافت اور ہماری قومی ذمہ داری کے عنوان سے منعقدہ سیمینار اسی قومی اور جمہوری سوال پر ایک اہم مکالمہ تھا۔ پیس بلوچستان فورم کے زیراہتمام ہونے والے اس سیمینار کی صدارت سابق سینیٹر اور سینئر سیاستدان نوابزادہ میر لشکری رئیسانی نے کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت حکمران جماعتوں کو سیاسی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بی این پی، نیشنل پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے نمائندوں، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر افضل بٹ اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس سیمینار کی اہمیت محض اس لیے نہیں تھی کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور صحافیوں نے ایک پلیٹ فارم پر بیٹھ کر آزادیِ صحافت پر گفتگو کی، بلکہ اس کے پس منظر میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ہونے والا وہ احتجاج بھی موجود تھا جو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام ملک گیر احتجاجی تحریک کے سلسلے میں 24 گھنٹے تک جاری رہا۔ یوں ایک طرف صحافی اپنے بنیادی حقوق کے لیے احتجاج کر رہے تھے اور دوسری طرف سیاسی و سماجی حلقے آزادیِ صحافت کے تحفظ پر مکالمہ کر رہے تھے۔ یہ دونوں سرگرمیاں دراصل ایک ہی سوال کی مختلف صورتیں تھیں کہ کیا پاکستان میں صحافت اپنے پیشہ ورانہ فرائض آزادانہ طور پر انجام دے سکتی ہے؟سیمینار میں سینئر صحافی رضا الرحمان نے اپنے خطاب میں ایک اہم تضاد کی نشاندہی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کی بحالی اور آمریت کے خلاف جدوجہد میں صحافیوں نے کوڑے کھائے، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور قربانیاں دیں، لیکن آج بھی صحافت کو مختلف پابندیوں کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان میں اب تک 42 صحافی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ انہوں نے پیکا ایکٹ کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف صحافیوں کی آواز محدود کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، دوسری طرف سیاسی جماعتیں اپوزیشن میں رہتے ہوئے آزادیِ صحافت کی علمبردار بن جاتی ہیں، مگر حکومت میں آ کر ایسے قوانین کی حمایت کرتی دکھائی دیتی ہیں جن پر صحافتی حلقوں کو شدید اعتراضات ہیں۔یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا آزادیِ صحافت کسی سیاسی جماعت کا انتخابی نعرہ ہے یا ریاست کے جمہوری نظام کا لازمی جزو؟ اگر کسی قانون کا مقصد جھوٹی خبروں، کردار کشی اور ڈیجیٹل جرائم کی روک تھام ہے تو اس مقصد سے اختلاف نہیں ہونا چاہیے، لیکن ایسے قوانین بناتے وقت یہ ضمانت بھی ضروری ہے کہ انہیں اختلافی آوازوں، تنقیدی صحافت اور عوامی مفاد میں کی جانے والی رپورٹنگ کے خلاف استعمال نہ کیا جا سکے۔ قانون کی اصل افادیت اسی وقت سامنے آتی ہے جب وہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے، نہ کہ ان کے اظہار کو غیر ضروری خوف میں مبتلا کر دے۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر افضل بٹ کی سیمینار میں شرکت بھی اس حوالے سے اہم تھی کہ آزادیِ صحافت کا معاملہ صرف بلوچستان یا کوئٹہ کے صحافیوں کا مسئلہ نہیں بلکہ ملک بھر کی صحافتی برادری کو درپیش مشترکہ چیلنج ہے۔صحافیوں کے معاشی مسائل، ملازمتوں کا عدم تحفظ، میڈیا اداروں کی بندش، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور اظہارِ رائے پر دباؤ نے صحافت کے پیشہ ورانہ ماحول کو متاثر کیا ہے۔ ایسے حالات میں صحافتی تنظیموں کی ذمہ داری صرف احتجاجی سرگرمیوں تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ انہیں صحافیوں کے قانونی، معاشی اور پیشہ ورانہ تحفظ کے لیے بھی مسلسل جدوجہد کرنا ہوگی۔
پیس بلوچستان فورم کے صدر اور سیمینار کے میزبان نوابزادہ میر لشکری رئیسانی کی جانب سے اس موضوع پر سیاسی و صحافتی حلقوں کو ایک جگہ جمع کرنا بھی ایک اہم اقدام تھا۔ بلوچستان جیسے صوبے میں جہاں جغرافیائی، سیاسی اور معاشی مسائل اپنی الگ نوعیت رکھتے ہیں، وہاں آزاد صحافت کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے۔ عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ ان کے نام پر مختص ہونے والے وسائل کہاں خرچ ہو رہے ہیں، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کیا ہے، سرکاری ادارے اپنی ذمہ داریاں کس حد تک پوری کر رہے ہیں اور ان کے منتخب نمائندے عوامی مسائل کے حل کے لیے کیا اقدامات کر رہے ہیں۔ یہ سوالات اٹھانا صحافت کا بنیادی فریضہ ہے، کسی حکومت یا سیاسی جماعت کی مخالفت نہیں، تاہم آزادیِ صحافت کا تصور صرف حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ صحافت کو اپنی ذمہ داریوں کا بھی سنجیدگی سے جائزہ لینا ہوگا۔ غیر مصدقہ اطلاعات، ذاتی مفادات، سنسنی خیزی، کردار کشی اور یک طرفہ رپورٹنگ کسی بھی صورت آزاد صحافت کا متبادل نہیں ہو سکتے۔ آزادی کے ساتھ ذمہ داری، اختلاف کے ساتھ دلیل اور تنقید کے ساتھ تحقیق لازم ہے۔ صحافی کا قلم کسی سیاسی جماعت، حکومت یا طاقتور حلقے کا ترجمان بننے کے بجائے عوامی مفاد کا نمائندہ ہونا چاہیے۔اسی طرح سیاسی جماعتوں کو بھی اپنے طرزِعمل پر غور کرنا ہوگا۔ آزادیِ صحافت کے تحفظ کا مطالبہ صرف اس وقت نہیں ہونا چاہیے جب کسی جماعت کے خلاف خبر نشر ہو یا اس کے رہنما کو تنقید کا سامنا کرنا پڑے۔ جمہوری رویہ یہ ہے کہ مخالف کی تنقید اور اختلافی آواز کو بھی اتنی ہی جگہ دی جائے جتنی اپنی حمایت میں آنے والی آواز کو دی جاتی ہے۔ حکومتوں کی تبدیلی کے ساتھ آزادیِ صحافت کے بارے میں مؤقف تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔ پیپلز پارٹی ہو، مسلم لیگ ن، تحریک انصاف یا بلوچستان کی علاقائی سیاسی جماعتیں، سب کے لیے ایک ہی جمہوری اصول ہونا چاہیے۔
بلوچستان میں صحافیوں کی مشکلات کو بھی محض آزادیِ اظہار کی بحث تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ یہاں صحافیوں کو سکیورٹی کے خطرات، محدود وسائل، معاشی عدم استحکام اور پیشہ ورانہ دباؤ کا سامنا ہے۔ ایسے ماحول میں 42 صحافیوں کی ہلاکتوں کا ذکر محض ایک عدد نہیں بلکہ ان خاندانوں، بچوں اور اہل خانہ کی داستان ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا۔ ان واقعات کی شفاف تحقیقات، ذمہ داروں کا تعین اور صحافیوں کے تحفظ کے عملی اقدامات ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہیں۔
کوئٹہ پریس کلب میں ہونے والا یہ سیمینار اور اس سے ایک روز قبل 24 گھنٹے تک جاری رہنے والا احتجاجی کیمپ ایک واضح پیغام دیتے ہیں کہ آزادیِ صحافت کا مسئلہ کسی ایک تنظیم، ادارے یا سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پورے معاشرے اور ریاست کے جمہوری مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ سیمیناروں میں ہونے والی تقاریر عملی تجاویز اور مشترکہ لائحہ عمل میں تبدیل ہوں۔ سیاسی جماعتیں اپنے منشور اور حکومتی پالیسیوں میں صحافتی آزادی کے تحفظ کو جگہ دیں، حکومتیں قوانین پر نظرثانی کے لیے صحافتی تنظیموں کو اعتماد میں لیں اور صحافتی ادارے اپنے پیشہ ورانہ معیار کو مضبوط بنائیں۔
سوال یہ ہے ہم کس قسم کا پاکستان چاہتے ہیں، جہاں صحافی صرف وہی بات کہے جو اقتدار کے ایوانوں کو پسند ہو، یا ایسا پاکستان جہاں حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھانا، عوامی مسائل اجاگر کرنا اور طاقتور سے جواب طلب کرنا ایک معمول کا جمہوری عمل ہو؟
آزادیِ صحافت کسی حکومت کی عنایت نہیں، شہریوں کا آئینی حق اور جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ اس کا تحفظ صرف صحافیوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت، اپوزیشن، عدلیہ، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور عوام سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ کوئٹہ پریس کلب میں ہونے والی یہ نشست اسی ذمہ داری کا احساس دلانے کا ایک موقع تھی۔(اعظم الفت)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں