دنیا نیوزکے رپورٹر پر تشدد،ملزمان گرفتار نہ ہوسکے۔۔۔۔ 89

دنیا نیوزکے رپورٹر پر تشدد،ملزمان گرفتار نہ ہوسکے۔۔۔۔

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے پریس کلب کے رکن احسن چانڈیو پر گلشن چورنگی کے قریب ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ شہر کے مصروف علاقے میں صحافی پر تشدد کا واقعہ تشویش ناک ہے۔ صحافیوں کے تحفظ اور انہیں پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے اقدامات ضروری ہیں۔صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے احسن چانڈیو سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب اس معاملے پر ان کے ساتھ کھڑا ہے اور واقعے کی تحقیقات کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کرائی جائیں، علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت کی جائے اور ملوث افراد کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کو مؤثر اقدامات کرنے چاہییں تاکہ صحافی بلا خوف اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں۔ دریں اثنا ایجوکیشن جرنلسٹ ایسوسی ایشن پاکستان (EJAP) کے صدر سید محمد عسکری، جنرل سیکریٹری رانا جاوید اور گورننگ باڈی کے تمام اراکین نے ایسوسی ایشن کے ممبر گورننگ باڈی اور دنیا نیوز و روزنامہ دنیا کے سینئر صحافی احسن چانڈیو پر گلشن چورنگی کے قریب ہونے والے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے مشترکہ مذمتی بیان میں ایجوکیشن جرنلسٹ ایسوسی ایشن پاکستان کے عہدیداران نے کہا کہ شہر کے مصروف ترین علاقے گلشن چورنگی میں سینئر صحافی کو تشدد کا نشانہ بنانا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ احسن چانڈیو کو اس مشکل گھڑی میں ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ایجوکیشن جرنلسٹ ایسوسی ایشن پاکستان نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آورکی جلد از جلد شناخت کر کے انہیں گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے، تاکہ آئندہ کسی کو صحافیوں پر ہاتھ اٹھانے کی جرات نہ ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں