کوئٹہ میں آزادی اظہار اور صحافیوں کے حقوق کے لیے دو روزہ احتجاجی کیمپ جاری ہے۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لگائے گئے کیمپ کا مقصد ملک بھر میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور میڈیا دفاتر کی بندش کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی ملک گیر احتجاجی تحریک کے سلسلے میں جاری اس کیمپ میں برطرف صحافیوں کی بحالی، بلوچستان میں بند نجی ٹی وی چینلز کے بیورو دفاتر دوبارہ کھولنے، پیکا قانون میں ترامیم اور صحافیوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات واپس لینے کے مطالبات کیے جا رہے ہیں۔ یہ احتجاجی کیمپ آج دوپہر بارہ بجے تک جاری رہے گا۔۔
دریں اثنا پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی ملک گیر احتجاجی تحریک کے تحت 23 نومبر سے شروع ہونے والے احتجاج میں صحافیوں نے میڈیا اداروں کی انتظامیہ اور حکومتی حکام سے مطالبہ کیا کہ بند کیے گئے بیورو دفاتر فوری بحال، برطرف ملازمین کو دوبارہ ملازمتوں پر تعینات اور واجب الادا تنخواہیں ادا کی جائیں۔صحافتی تنظیموں کے مطابق بلوچستان میں متعدد ٹی وی چینلز کے دفاتر بند ہونے سے بڑی تعداد میں صحافی اور میڈیا کارکن بے روزگار ہوچکے ہیں، جبکہ صوبے کے اہم سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل کی قومی میڈیا میں نمائندگی بھی متاثر ہورہی ہے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کی ملازمتوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، کم از کم اجرت کے قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور تنخواہوں کی بروقت بینکوں کے ذریعے ادائیگی کو لازمی قرار دیا جائے۔دوسری جانب بلوچستان اسمبلی نے بھی 20 نومبر کو متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے بند ٹی وی بیورو دفاتر دوبارہ کھولنے، برطرف صحافیوں کی بحالی اور میڈیا کارکنوں کے روزگار کے تحفظ کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔صحافتی تنظیموں نے خبردار کیا کہ میڈیا اداروں کی مسلسل بندش اور کارکنوں کی برطرفیاں نہ صرف صحافیوں کے معاشی مستقبل بلکہ آزادیٔ صحافت اور عوام کے حقِ معلومات کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔
84