ضلع شہید بینظیرآباد کے شہرسکرنڈ میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے ضلعی نائب صدر اور نجی ٹیلی ویژن چینل آواز ٹی وی کے سینئر رپورٹر غلام قادر چانڈیو کے گھر پر 20 سے زائد ڈنڈا بردار افراد کے مبینہ حملے میں ان کے متعدد رشتے دار شدید زخمی ہوگئے، جبکہ سینئر صحافی خود حملے میں محفوظ رہے۔غلام قادر چانڈیو کے مطابق حملہ آور اچانک ان کے گھر پر پہنچے اور اہل خانہ پر لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے تشدد شروع کردیا، جس کے نتیجے میں ان کے متعدد رشتے دار زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔سینئر صحافی غلام قادر چانڈیو نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے گھر پر حملے میں مبینہ طور پر منشیات فروشی میں ملوث باپ بیٹا ملوث ہیں جن کے خلاف ضلع شہید بینظیرآباد میں مختلف نوعیت کے 12 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ ۔متاثرہ صحافی نے واقعے کو اپنے اور اہل خانہ کے تحفظ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گھر پر حملہ کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے تاکہ انہیں انصاف مل سکے اور مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔انہوں نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شہید بینظیرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، حملے میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے انہیں گرفتار کیا جائے اور زخمیوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔غلام قادر چانڈیو نے اعلیٰ پولیس حکام سے اپنے اہل خانہ کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی بھی اپیل کی ہے۔
56
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل